موجودہ حالات میں ملک کیلئے راہول گاندھی کی قیادت ضروری

   

ذات پات کا سروے کانگریس کا انقلابی اقدام، اقلیتوں کے خلاف کریک ڈاؤن پر اظہار تشویش: جہد کار حنیف احمد خان

محبوب نگر۔/7 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حقیقی سیاست سے بالکلیہ ناواقف لوگ راہول گاندھی کی ذات کے بارے میں بات کرنے لگے ہیں۔ راہول گاندھی کی سیکولر قیادت کو نہ صرف ملک بلکہ دنیا سلام کرتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار تلنگانہ کے صف اول کے جہد کارو سینئر کانگریس قائد حنیف احمد نے اپنے صحافتی بیان میں کیا۔ انہوں نے سیاست نیوز کو بتایا کہ تلنگانہ میں کانگریس حکومت کی جانب سے ذات پات کی مردم شماری سروے ، انصاف کی جانب ایک انقلابی قدم ہے جس کی ہرطبقہ ستائش کررہا ہے۔ پارلیمنٹ میں اپوزیشن قائد راہول گاندھی ناقابل شکست سیکولرسٹ ہیں۔ حنیف احمد نے دو ٹوک انداز میں واضح کیا کہ راہول گاندھی کے دادا خالص کشمیری اور پارسی برہمن تھے لیکن کچھ جنونیوں نے تاریخی حقائق کو جانے بغیر راہول گاندھی پر ذات اور مذہب کی سیاست کا الزام لگایا۔ ملک کے موجودہ حالات میں راہول گاندھی کی قیادت ضروری ہے اور کانگریس پالیسیوں کے ذریعہ ہی ہندوستانی آئین کا تحفظ کیا جائے گا۔ ایک دہے سے زائد عرصہ سے حکمران جماعت کی فرقہ وارانہ پالیسیوں کو عوام سمجھ چکے ہیں۔ انہوں نے سخت تشویش ظاہر کی کہ اقلیتوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، کامن سیول کوڈ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں لوگ خوف و ہراس کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں۔ بی جے پی ہندوستانی آئین کو ساہ کرنے کوشاں ہے، قدم قدم پر ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں اور خواتین پر مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ زبان کے نام پر جنوبی ریاستوں کے ساتھ شدید امتیازی سلوک پر انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت وفاقی پالیسیوں کا احترام کرے۔ فنڈ کی تقسیم کے اختیارات تمام ریاستوں میں انصاف کی بنیاد پر تقسیم کئے جائیں۔ انہوں نے میناکشی نٹراجن کی تقریر کا گرمجوشانہ خیرمقدم کیا۔ ان کی سنجیدہ شخصیت اور نظم و ضبط پارٹی صفوں میں استحکام کا باعث ہوگا۔ انہوں نے آخر میں مشورہ دیا کہ ریاستی کانگریس پارٹی میں تین رنگی کانگریس کے پرچم پر یقین رکھنے والے عام کارکنوں کو ترجیح دے۔