صدر کانگریس سونیا گاندھی کا یوم آزادی کے موقع پر پیام ، عوام کو مبارکباد
نئی دہلی۔ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے 74 ویں یوم آزادی کے موقع پر عوام کو مبارکباد دی اور اپنے پیام میں کہا کہ ہندوستانی جمہوریت آزمائشی دور سے گذر رہی ہے کیونکہ موجودہ حکومت جمہوری اور دستوری قواعد کے خلاف کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی موقعوں پر ہمارے جمہوری اقدار آزمائشی دور سے گذرے اور ہر موقع پر ہندوستانی جمہوریت کو استحکام حاصل ہوا، لیکن موجودہ حکومت جمہوری اور دستوری قواعد کی خلاف ورزی کررہی ہے اور یہ ہندوستانی جمہوریت کیلئے آزمائش کا وقت ہے۔ ہندی میں تحریر کردہ اپنے پیام میں سونیا گاندھی نے عوام سے کہا کہ وہ اس بات کا تجزیہ کریں کہ آزادی کا مطلب کیا ہے۔ انہوں نے استفسار کیا کہ عوام کو آج تحریر، تقریر یا سوال کرنے کی آزادی حاصل ہے؟ کسی بات سے عدم اتفاق کرتے ہوئے کیا وہ اپنے خیالات پیش کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ذمہ دار اپوزیشن پارٹی کی حیثیت سے ان کی پارٹی ہندوستانی جمہوری اقدار کے تحفظ یقینی بنائے گی۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ آج ساری دنیا کورونا وائرس کی وباء سے لڑ رہی ہے ۔ ہندوستان اس وباء کو شکست دینے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ہم متحدہ طور پر کورونا وائرس کی وباء اور معاشی بحران پر قابو پاسکتے ہیں جو اس وقت ملک کو درپیش ہے۔