تفہیم ختم نبوت ورک شاپ، مولانا شاہ جمال الرحمن ، مولانا محمد عبدالقوی، مولانا ارشد علی قاسمی و دیگر کے خطابات
حیدرآباد۔/27 نومبر، ( پریس نوٹ ) جو چیز جتنی زیادہ قیمتی ہوتی ہے اُس کی حفاظت کا اہتمام بھی اتنا ہی زیادہ کیا جاتا ہے، ایک مسلمان کے لئے سب سے زیادہ قیمتی چیز ایمان ہے، اس کی حفاظت کے لئے ہمیں ہمیشہ فکر مند رہنا چاہیئے، مسجد آمنہ پیرامونٹ کالونی ٹولی چوکی میں مجلس تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ تلنگانہ و آندھرا پردیش کے زیر اہتمام مجلس تحفظ ختم نبوت حلقہ ٹولی چوکی کی جانب سے منعقدہ ایک روزہ تفہیم ختم نبوت ورک شاپ میں مولانا شاہ جمال الرحمن مفتاحی (صدر مجلس تحفظ ختم نبوت ) نے اپنے صدارتی خطاب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔ سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے مولانا نے کہا کہ ایمان کی حفاظت کیلئے دین کا بنیادی علم حاصل کرنا ضروری ہے۔ مولانا محمد عبدالقوی خازن مجلس تحفظ ختم نبوت نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحابہ کرام ؓ اور اولیاء اللہ دین و شریعت کے مکمل پابند اور متفقی ہونے کے باوجود اپنے ایمان کی بقاء و سلامتی کے بارے میں فکرمند رہتے تھے اور ہم بے عمل ہونے کے باوجود اپنے ایمان کی حفاظت کے سلسلہ میں بالکل غافل اور لاپرواہ ہیں۔ مولانا محمد ارشد علی قاسمی سکریٹری مجلس تحفظ ختم نبوت نے کہا کہ نبوت و رسالت کا سلسلہ حضرت آدم علیہ السلام سے شروع ہوا اور نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعد یہ سلسلہ مکمل ہوگیا، اسی کو عقیدہ ختم نبوت کہتے ہیں۔ مولانا نے کہا کہ شکیل بن حنیف موجودہ دور میں مہدی اور عیسیٰ مسیح ہونے کا ایک جھوٹا دعویدار ہے، اس کے پیروکار احادیث کے غلط معنی و مفہوم بیان کرتے ہوئے عام مسلمانوں کو ایمان سے محروم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، مسلمانوں کو اس دجالی فتنہ سے ہوشیار رہنا چاہیئے۔ مولانا موسیٰ خان ندوی نے کہا کہ اسلام میں منصب نبوت سے بڑھ کر اور کوئی مقام نہیں ، جو لوگ ولایت کو نبوت سے افضل قرار دیتے ہیں حقیقت میں وہ توہین انبیاء کے مجرم ہیں اور اسلام سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ مولانا مفتی عبدالمنعم فاروقی نے کہا کہ جاوید غامدی اور انجینئر علی مرزا دین و شریعت کا خود ساختہ تصور پیش کررہے ہیں، احادیث اور صحابہ کرامؓ کے بارے میں پوری امت کے متحدہ موقف کے برخلاف اپنی گمراہ اپنی گمراہ کن باتیں بیان کررہے ہیں۔ مولانا شاہ فضل الرحمن محمود نے کہا کہ طریقت شریعت کی مکمل پیروی اور پابندی کا نام ہے، فتنہ گوہر شاہی کا موجودہ سرغنہ یونس الگوہر طریقت کو شریعت سے الگ بتاکر ناواقف مسلمانوں کے ایمان کو غارت کررہا ہے، شریعت کے بغیر سلوک و تصوف بدترین گمراہی ہے۔ مولانا مفتی غلام محمد نوید قاسمی نے کہا کہ اسلامی تعلیمات کی پیروی کے لئے قرآن اور حدیث دونوں کو ماننا ضروری ہے۔ مولانا انصار اللہ قاسمی نے کہا کہ قادیانی فرقہ انگریزوں کا پیدا کردہ اور ان ہی کا پروردہ فتنہ ہے۔ مولانا وجیہہ الدین قاسمی نے کہا کہ بیمار ہونے پر علاج کرانا شریعت کا حکم ہے، فیاض بن یاسین اور اس کے ماننے والے علاج کا انکار کرتے ہوئے عام مسلمانوں کے جان و ایمان دونوں سے کھلواڑ کررہے ہیں۔ قبل ازیں قاضی علیم الدین کی تلاوت سے ورک شاپ کا آغاز ہوا، حافظ عبدالرحیم نے ہدیہ نعت پیش کی۔ مولانا حافظ عمر محی الدین نے کارروائی چلائی، مولانا سید مصباح الدین حسامی نے نگرانی کی۔