مدرسہ نورالصفہ محبوب آباد کے زیراہتمام جلسہ ، مولانا محمد عتیق الرحمن و دیگر علماء کا خطاب
ورنگل ۔19فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع محبوب آباد میں مدرسہ نور الصفہ کے زیرِ اہتمام جلسہ عام بموقع تکمیلِ ناظرہ قرآن مجید بعنوان ‘‘مکاتبِ دینیہ کی اہمیت و اصلاحِ معاشرہ و استقبالِ رمضان’’ منعقد کیا گیا۔ اس اجتماع کی سرپرستی مولانا ہارون رشید قاسمی نے کی۔ جبکہ پروگرام کی زیر نگرانی مولانا محمد عتیق الرحمن الاسعدی نے اس موقع پر مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے مولانا سید بلال افضل قاسمی نے شرکت فرمائی۔جلسہ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد مدرسہ نور الصفہ کے طلباء و طالبات نے نہایت خوبصورت اور مؤثر تعلیمی مظاہرہ پیش کیا۔اس موقع پر علماء کرام نے اپنے بصیرت افروز خطابات میں مکاتب دینیہ کی اہمیت، نئی نسل کی دینی و اخلاقی تربیت، اصلاحِ معاشرہ اور ماہِ رمضان المبارک کی تیاری کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فرمایا کہ موجودہ دور میں مکاتب کا نظام دین کی حفاظت اور امت کی اصلاح کے لیے نہایت اہم اور مؤثر ذریعہ ہے۔ تکمیلِ ناظرہ قرآن مجید کرنے والے 11 خوش نصیب طلباء و طالبات کی دستار بندی اور حوصلہ افزائی مولانا ہارون رشید قاسمی کے مبارک ہاتھوں انجام دی گئی۔ اس کے ساتھ ہی علماء کرام کے ہاتھوں ان طلباء و طالبات کو سندِ تکمیلِ ناظرہ قرآن مجید سے نوازا گیا۔جلسہ کے اختتام پر مولانا ہارون رشید قاسمی نے عالمِ اسلام، ملک و ملت کی سلامتی، امن و امان اور آنے والے ماہِ رمضان المبارک کی برکتوں کیلئے خصوصی دعا فرمائی۔ بعد ازاں مدرسہ نور الصفہ کے بانی و ناظم خادم القرآن حافظ شیخ جعفر الدین نے تمام معزز مہمانانِ کرام، علماء، عمائدین شہر اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔