قلعہ گولکنڈہ میں مرکزی جلسہ قرأت، عالمی قراء کی قرأت پر داد تحسین، مولانا پیر سید شبیر نقشبندی اور مولانا سید متین علی شاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد 8 اپریل (راست) مسلمان ہر لمحہ قرآن اور صاحب قرآن کی نسبت سے اپنے قلوب کو منور و تابناک رکھیں۔ اس مقدس کتاب کی تلاوت ہی نہیں بلکہ اس پر غور و فکر کی شدید ضرورت ہے۔ یہ وہ کلام ربانی ہے جس کا نزول حق تعالی نے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم کے قلب اطہر پر نازل کیا۔ اس مقدس کتاب کا سننا پڑھنا اور اس پر تدبر کرنا موجودہ عالمی و ملکی صورت حال میں ضروری ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا پیر سید شبیر نقشبندی محرک عالمی قرآنی و روحانی مہم نے کل رات گورنمنٹ بوائیز ہاء اسکول رسالہ بازار قلعہ گولکنڈہ میں مدرسہ رحمت العلوم و آل انڈیا قراء ت اکیڈیمی کی جانب سے منعقدہ سالانہ مرکزی جلسہ قراء ت سے کیا۔ مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری صدر آل انڈیا قراء ت اکیڈیمی و خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی نے جلسہ کی نگرانی کی۔ مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی سجادہ نشین درگاہ حضرت صوفی آعظم و جناب کوثر محی الدین رکن اسمبلی کاروان، قونصل جنرل ایران متعینہ حیدرآباد آغا الحاج حمید احمدے موجود تھے۔ ابتداء میں مولانا قاری سید متین علی شاہ قادری نے مہمان قراء کرام اور حاضرین جلسہ کاخیر مقدم کیا اور کہا کہ اس مبارک ماہ میں مقدس کتاب قران کے نزول کا مقصد انسانیت کو ہدایت و راہ راست پر لاتے ہوے اس کے احکامات کو غالب کرنا بھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس کتاب کو رب کائنات نے نازل کیا اور وہی اس کتاب کی حفاظت کرنے والا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران میں جو جنگ جاری ہے جس سے ایران ہی نہیں بلکہ اس کے اطراف و اکناف کے کئی ممالک شدید متاثر ہیں اس کے پر امن حل کے لئے عالمی سطح پر آگے آتے ہوئے سفارتی کوششوں کی ضرورت ہے۔ مولانا متین علی شاہ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ قرآن مجید کو تجوید کے ساتھ پڑھیں۔ مصر و ایران کے قراء کرام قاری شیخ محمد قطب ابراہیم، قاری شیخ عزت رجب سلمان ، قاری شیخ محمد محمود عبداللہ، قاری شیخ عبدالفتاحی یوسف نے قرآن کریم کی مختلف سورتوں کی آیات کی مختلف لحن سے تلاوت کی۔ مصری قراء کرام کی تلاوت کو سن کر سامعین نے نعرہ تکبیر کی صداؤں کے ساتھ اللہ اکبر اللہ اکبر کے نعرے لگائے بالخصوص شیخ محمد قطب ابراہیم کی قراء ت کو پسند کیا گیا۔ مصر کے قراء کے ساتھ جب ایرانی قاری قاری آغا حسن حکیمی نے قرآن پاک کی آیتوں کو مختلف لحنوں میں تلاوت کی بالخصوص سورہ نصر کی آیات کو مختلف لحن میں قرأت کرتے ہوئے سماں وجد کی کیفیت طاری کردی۔ جلسہ کا آغاز کمسن قاری سید نوراحمد شاہ قادری ، سید فیضان علی شاہ قادری بلال کی قراء ت کلام پاک سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ جناب عبدالرشید ارشد نے حمد سنائی۔ قاری محمد معز الدین فراز قادری نے نعت سنائی۔ اس موقع پر جناب عزیز خان پٹھان، ہارون فرحان، وجہہ صدیقی کارپوریٹرس کے علاوہ امین پاشاہ ، محمد قدیر، حبیب زین العابدین عابد، حافظ و قاری ڈاکٹر ذیشان احمد، حافظ و قاری محمد معین الدین قادری امری کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔آخر میں قاری سید حمید الدین کے شکریہ پر رات دیر گئے جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔