نارائن پیٹ میں مقابلہ حمد و نعت و سیرت النبیؐ تحریری امتحان، ڈاکٹر قطب الدین شکاگو کا آن لائن خطاب
نارائن پیٹ02اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نور جہاں کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ نارائن پیٹ کے زیر اہتمام میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم 2024 کے موقع پر نارائن پیٹ ضلعی سطح کا مایہ ناز منفرد مقابلہ حمد و نعت و سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم تحریری امتحان بمقام ماڈرن ہائی اسکول نارائن پیٹ میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر سید شاہ غیاث الدین قادری سجادہ نشین درگاہ تقی بابا ؒ، مولانا مفتی سید آ صف الدین ، مولانا حافظ شفاعت علی نظامی’ مولانا حافظ فاروق بن مخاشن، حافظ چاند پاشاہ لیکچرر، حافظ عبد الباری، عبدالقدیر سنڈکے، فضل الرحمن اسکالر، محمد سیف الدین تاج اردو کوآرڈینیٹر ایس سی ای آر ٹی ، عثمان عبید اللہ، مجاہد صدیقی، حافظ سید مصطفی قادری، حافظ عبد الرحمن تاچی، حافظ جلال اشرفی ، ذاکر حسین تاج، مظہر احمد، مناظر احمد سنڈکے ودیگر نے امتحانی مرکز کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد قطب الدین ماہر نفسیات شکاگو امریکہ بانی و صدر نور جہاں کمپیوٹر انسٹیٹیوٹ و لائبریری نے بحیثیت مہمان خصوصی آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلباء کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ مبارکہ کے بارے میں جاننا چاہیے جو آج کے پر آشوب دور میں ضروری ہے. اس موقع پر انہوں نے سیرت پاکؐ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس مقابلہ جات میں نارائن پیٹ کے مختلف اسکولوں اور کالجوں کے 700 سے زائد طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔اس موقع پر حافظ محمد تقی کنوینر پروگرام نے بتایا کہ مقابلہ حمد و نعت میں پہلا انعام 5000 روپے، دوسرا انعام 3000 روپے، تیسرا انعام 2000 رکھا گیا ہے۔ جبکہ سیرت النبیؐ تحریری امتحان میں بھی علیحدہ طور پر پہلا انعام 5000 روپے، دوسرا انعام 3000 روپے، تیسرا انعام 2000 روپئے نقد رکھا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ترغیبی انعامات بھی رکھے گئے ہیں۔ عنقریب ان مقابلہ جات کے نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور پروگرام منعقد کرتے ہوئے طلباء کو سرٹیفکیٹ و انعامات دیے جائیں گے۔ اس موقع پر مختلف اسکول کے اساتذہ ودیگر اولیاء طلباء موجود تھے۔