موجودہ ڈیجیٹل دورمیں سائبرجرائم سنگین مسئلہ

   

سنگاریڈی میں شعور بیداری پروگرام‘ اجنبی افراد سے آن لائن معاملات نہ کریں‘ ڈی ایس پی
سنگاریڈی 6 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع سنگاریڈی میں “سائبر سے محفوظ رہنے کا دیوس” کے موقع پر سائبر سیکیورٹی بیورو کی جانب سے ضلع بھر میں سائبر جرائم سے بچاؤ اور عوامی شعور بیداری کے کئی پروگرام منعقد کیے گئے۔ یہ پروگرام سائبر سیکیورٹی بیورو کے ڈی ایس پی این. وینوگوپال ریڈی کی قیادت میں منعقد ہوئے۔مرکزی ہدایات کے مطابق، سائبر سیکیورٹی بیورو کے ڈائریکٹر شکا گوئل آئی پی ایس کے احکامات پر یہ پروگرام مختلف تعلیمی اداروں اور دفاتر میں منعقد کیے گئے، جن میں بھارت ڈائنامکس گراؤنڈ واکرز اور اسماعیل خان پیٹ گورنمنٹ پولی ٹیکنک کالج کے طلبہ و اساتذہ نے شرکت کی پروگرام میں آن لائن دھوکہ دہی کی مختلف اقسام جیسے جعلی ٹریڈنگ پلیٹ فارمز، پارٹ ٹائم ملازمتوں کے بہانے سرمایہ کاری فراڈ، نامعلوم لنکس یا اے پی کے فائلوں کے ذریعے فراڈ، اور ‘‘ڈیجیٹل گرفتاری’’ جیسے آن لائن بلیک میلنگ کیسز پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ڈی ایس پی وینوگوپال ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے ڈیجیٹل دور میں سائبر جرائم ایک سنگین مسئلہ بن چکے ہیں۔ ان سے بچنے کے لیے عوام کو لازمی طور پر سائبر آگاہی حاصل کرنی چاہیے۔ “آسان پیسہ” کے لالچ میں آ کر لوگ سائبر مجرموں کے جال میں پھنس جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم یافتہ طبقہ بھی ان جرائم کا شکار ہو رہا ہے۔انہوں نے عوام کو مشورہ دیا کہ نامعلوم لنکس پر کلک نہ کریں، غیر مصدقہ ایپ فائلیں ڈاؤن لوڈ نہ کریں، اور اجنبی افراد سے آن لائن تعلقات سے گریز کریں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی شخص سائبر فراڈ کا شکار ہو جائے تو اسے چاہیے کہ 48 گھنٹوں (گولڈن آور) کے اندر ہیلپ لائن 1930 پر کال کرے یا سائبر کرائم پورٹل https://www.cybercrime.gov.in پر شکایت درج کرے اس موقع پر بھانور انسپکٹر وجے کرشنا، سائبر سیل انسپکٹر روی، پولی ٹیکنک کالج کے پرنسپل، اساتذہ اور دیگر اسٹاف موجود تھے۔