وزیراعظم پر قانون سرکاری راز کی خلاف ورزی اور غداری کا الزام : راہول گاندھی
نئی دہلی ۔ 12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کے صدر راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیا ہیکہ رافیل لڑاکا طیاروں کی معاملت میں انیل امبانی کے درمیانی آدمی کے طور پر کام کرتے ہوئے سرکاری رازوں کے قانون کی خلاف ورزی اور غداری کی ہے۔ راہول گاندھی نے ایک ای میل کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ بزنسمین (انیل امبانی) اس معاملت کو فرانس اور ہندوستان کی طرف سے قطعیت دیئے جانے کے بہت پہلے سے واقف تھے۔ تاہم بی جے پی نے ان کے اس الزام کی تردید کی ہے اور کہا کہ یہ ای میل رافیل نہیں بلکہ ایک ہیلی کاپٹر معاملت کے بارے میں ایربس کے ایگزیکیٹیو سے تعلق رکھتا ہے۔ راہول گاندھی نے 28 مارچ 2015ء کا ایک ای میل میڈیا میں جاری کیا ہے جو باور کیا جاتا ہیکہ ایربس کے ایگزیکیٹیو نکولاس چموسی کی طرف سے موضوع کے سطر ’امبانی‘کے تحت تین وصول کنندگان کو روانہ کیا تھا۔ راہول گاندھی نے دعویٰ کیا کہ ای میل سے ظاہر ہوتا ہیکہ امبانی فرانس کی وزیردفاع جین یوویس لا دربان کے دفتر کا دورہ بھی کرچکے تھے اور کہا تھا کہ ایک یادداشت مفاہمت تیاری کے مرحلہ میں ہے اور وزیراعظم کے دورہ (فرانس) کے موقع پر ستخط کی جائے گی۔ کانگریس کے صدر نے سوال کیا کہ امبانی کو اس معاملت کے بارے میں کس طرح پتہ چلا اور انہوں نے فرانس کے وزیردفاع کے دفتر میں اس کا کس طرح ذکر کیا تھا۔ حتیٰ کہ اس وقت معتمدخارجہ ایس جئے شنکر اور وزیردفاع منوہر پاریکرکو بھی اس کا کوئی علم نہ تھا۔ راہول گاندھی نے کہا کہ ’’یہ دراصل قانون سرکاری رازداری کی خلاف ورزی ہے۔ وزیراعظم ہی واحد شخص تھے جنہیں پتہ تھا کہ انیل امبانی کو اس معاملت کے بارے میں باخبر کردیا گیا ہے۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم اب انیل امبانی کے درمیانی آدمی کے طور پر کام کررہے ہیں۔ انہوں نے اس مسئلہ کی فوجداری تحقیقات کا مطالبہ بھی کیا۔ راہول نے کہا کہ یہ اب غداری ہے اور کم کچھ نہیں ہے۔ مودی وہی کررہے ہیں جو عام طور پر جاسوس کیا کرتے ہیں‘‘۔