نئی دہلی۔ 17 فروری (ایجنسیز) ہندوستان اور فرانس نے دفاع، ٹیکنالوجی، ہنرمندی، تجارت اور صحت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے 20 سے زائد اہم معاہدوں اور اعلانات پر اتفاق کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے درمیان ممبئی میں ہونے والی وسیع تر دو طرفہ بات چیت کے بعد یہ فیصلے سامنے آئے۔ صدر میکرون تین روزہ دورے پر ہندوستان آئے ہیں جہاں وہ نئی دہلی میں منعقد ہونے والی اے آئی سمٹ 2026 میں شرکت کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ مذاکرات میں تجارت، دفاع، توانائی اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں شراکت داری کو وسعت دینے پر زور دیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے اسٹریٹیجک تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ دنیا اس وقت غیر یقینی صورتحال سے گزر رہی ہے اور ایسے ماحول میں ہندوستان فرانس شراکت داری عالمی استحکام کی ایک مضبوط قوت ہے۔ انہوں نے فرانس کو ہندوستان کے قدیم ترین اسٹریٹیجک شراکت داروں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے تعلقات کو غیر معمولی گہرائی اور توانائی بخشی ہے۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو ‘‘خصوصی عالمی اسٹریٹیجک شراکت داری’’ کی سطح پر لے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہندوستان فرانس سالِ اختراع کے آغاز کو عوامی سطح کی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی بڑی پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ اختراع تنہا نہیں بلکہ تعاون سے جنم لیتی ہے۔ اس اقدام کے تحت دفاع، صاف توانائی، خلائی تحقیق اور ابھرتی ٹیکنالوجیوں میں صنعتوں، اسٹارٹ اپ اداروں، طلبہ اور محققین کو جوڑنے پر توجہ دی جائے گی۔ وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ صحت کے شعبے میں مصنوعی ذہانت کے لیے انڈو فرنچ مرکز، ڈیجیٹل سائنس و ٹیکنالوجی مرکز اور ایروناٹکس میں مہارت کے قومی مرکز قائم کیے جائیں گے، جو مستقبل کی تعمیر کے اہم پلیٹ فارم ہوں گے۔ دفاعی شعبے میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر ایئر بس اور ٹاٹا ایڈوانسڈ سسٹمز کے مشترکہ منصوبے کے تحت کرناٹک میں ایچ 125 ہیلی کاپٹر کی فائنل اسمبلی لائن کا ورچوئل افتتاح بھی کیا گیا۔ وزیر اعظم کے مطابق ہندوستان اور فرانس مل کر دنیا کا واحد ایسا ہیلی کاپٹر تیار کریں گے جو ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی تک پرواز کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے عالمی سطح پر برآمد کیا جائے گا۔
مودی اور میکرون نے ہیلی کاپٹر اسمبلی لائن کا افتتاح کیا
ممبئی ۔ 17 فروری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے 17فروری 2026کو کرناٹک کے ویماگل میں ایئربس ایچ 125 ہیلی کاپٹروں کی تیاری کیلئے قائم کی گئی فائنل اسمبلی لائن کا ورچوئل افتتاح کیا۔ یہ اقدام ہندوستان اور فرانس کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے ۔ ایچ 125 ہیلی کاپٹر کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان اور فرانس مل کرہندوستان میں ایسا ہیلی کاپٹر تیار کریں گے جو ماؤنٹ ایورسٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوگا۔ ان کے مطابق یہ ہیلی کاپٹر ہمالیائی سرحدی علاقوں اور برف پوش سرحدی خطوں میں تعیناتی کیلئے ایک مثالی انتخاب ثابت ہوگا۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ہندوستان میں اس ہیلی کاپٹر کی اسمبلی کا آغاز دونوں ممالک کے تعلقات کی ایک اور روشن مثال ہے ۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستان اور فرانس کی شراکت داری کی کوئی حد نہیں، یہ گہرے سمندروں سے لے کر بلند ترین پہاڑوں تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔