مودی ،زرعی قوانین واپس لیں یا استعفیٰ دیں : کانگریس

   

نئی دہلی : کانگریس نے آج مرکزی حکومت سے کہا کہ وہ آخر وہ زرعی قوانین کو واپس کیوں نہیں لینا چاہتی۔ کسان گروپوں نے نئے زرعی اصلاحات کی مخالفت کی ہے اور سپریم کورٹ سے رجوع ہوئے ہیں۔ کانگریس نے کہا کہ وزیراعظم مودی کو زرعی قوانین واپس لینا چاہئے یا پھر انہیں استعفیٰ دینا چاہئے۔ کانگریس کے چیف ترجمان رندیپ سرجے والا نے کہا کہ حکومت کو عوام نے منتخب کیا ہے، سپریم کورٹ نے نہیں۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ کانگریس 15 جنوری کو ’’کسان ادھیکار دیوس‘‘ منائے گی۔ اس دن حکومت اور کسان یونینوں کے درمیان آئندہ مرحلہ کی بات چیت ہونے والی ہے۔ کانگریس کی جانب سے تمام ریاستی ہیڈکوارٹرس پر بھی جن آندولن شروع کیا جائے گا۔ ہر ریاست میں راج بھون تک مارچ نکال کر گھیراؤ کیا جائے گا۔ مختلف ریاستوں میں کانگریس پارٹی کے جنرل سیکریٹریز اور ریاستی انچارجوں کے اجلاس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر مودی حکومت اپنے فرائض کی انجام دہی میں ناکام ہے تو اسے فوری استعفیٰ دے دینا چاہئے۔