مودی ، اب پرینکا گاندھی سے خوفزدہ :کانگریس

,

   

نئی دہلی، 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے کہا ہے کہ پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے فعال سیاست میں آنے کا زبردست اثر ہے اور اسی وجہ سے وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے رہنما بوکھلاہٹ میں الٹے سیدھے بیان دے رہے ہیں۔کانگریس کے ترجمان آنند شرما نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد پریس کانفرنس میں کہا کہ مسز واڈرا کے سرگرم سیاست میں آنے سے لوگوں پر گہرے اثرات ڈال رہے ہیں ۔ اسی اثر کو دیکھتے ہوئے مسٹر مودی اور بی جے پی لیڈر گھبرا گئے ہیں اور بوکھلاہٹ میں کچھ بھی بول رہے ہیں۔لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن کا بیان بھی اسی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی پہلے مسٹر راہول گاندھی کے کانگریس صدر بننے سے بوکھلائے تھے اور اب وہ مسز واڈرا کے کانگریس جنرل سکریٹری بننے سے بوکھلائے ہوئے ہیں. انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی خود کو بہت مقبول بتاتے ہیں توانہیں مسز واڈرا کی وجہ سے بوکھلانا نہیں چاہئے . انہیں پرینکا یا راہول سے پریشان ہونے کی بجائے اپنا دل سنبھالنا چاہئے اور اپنے رہنماؤں کو الٹا سیدھا بولنے سے روکنا چاہئے ۔ یہ پوچھنے جانے پر کہ مسز واڈرا لوک سبھا کا الیکشن لڑیں گی، مسٹر شرما نے کہا کہ اس بارے میں ابھی کچھ کہنا مناسب نہیں ہے ۔ کانگریس نے مسز واڈرا کو مشرقی اتر پردیش کا انچارج سکریٹری بنایا ہے اور اس کے بعد سے ہی قیاس لگائے جا رہے ہیں کہ انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کے پارلیمانی حلقہ وارانسی سے انتخابی میدان میں اتارا جا سکتا ہے ۔