مودی ، دستور ترک کرنے اور جمہوریت کو تباہ کرنے کوشاں : کجریوال

   

اپوزیشن کا قومی سطح پر متحدہ مقابلہ ، صدر ترنمول کانگریس ممتا بنرجی کا ادعا
نئی دہلی۔ 13 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج وزیراعظم نریندر مودی پر سخت لب و لہجہ میں تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ دستور ہند کو چاک کرنے جمہوریت کو تباہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ پارلیمنٹ میں 2015ء کے رافیل لڑاکا طیاروں کے سودے کے بارے میں سی اے جی رپورٹ پیش کرنے کے موقع پر کجریوال نے کہا کہ مودی کو سچائی ظاہر کردینی چاہئے۔ یہ سودا ہندوستان اور فرانس کے درمیان صرف اس لئے ہوا کیونکہ وہ وزیراعظم تھے۔ انہیں قوم کے آگے اس سلسلے میں جواب دہی کرنی چاہئے۔ انہوں نے ان کے دورہ کے بارے میں تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کولکتہ پولیس کمشنر کی قیام گاہ پر سی بی آئی کے عہدیدار چٹ فنڈ مقدمات کے سلسلے میں پہونچے تھے۔ کجریوال نے کہا کہ 40 سی بی آئی عہدیداروں کو دہلی سے کولکتہ روانہ کرنا مغربی بنگال کی منتخبہ حکومت پر مرکز کا حملہ تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ دہلی اور کولکتہ دونوں جگہ قبضہ کرنے کا خواب کون دیکھ رہا ہے۔ وزیراعظم یا پاکستان؟چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے آج تمام اپوزیشن پارٹیوں سے اپیل کی کہ وہ قومی سطح پر برسراقتدار این ڈی اے کو اقتدار سے بے دخل کرنے کیلئے متحدہ طور پر جنگ کریں۔ وہ عام آدمی پارٹی کے زیراہتمام ایک جلسہ عام سے جنتر منتر پر خطاب کررہی تھیں۔ ترنمول کانگریس کی صدر نے مرکز پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سی بی آئی ، کولکتہ پولیس کمشنر راجیو شرما سے ان کی قیام گاہ پر سوال جواب کرنے سے قاصر رہے۔ انہوں نے کہا کہ گھٹنے ٹیکنا کس کو پڑا؟ انہوں نے کہا کہ یہ وزیراعظم کا پارلیمنٹ کے منتخبہ قائد کی حیثیت سے آج آخری دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج لوک سبھا کا اجلاس غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا جائے گا۔ ہر شخص ’’گبر سنگھ‘‘ سے ڈرتا ہے، یہ دو آدمی ہیں۔ ایک نریندر مودی اور دوسرے قومی صدر بی جے پی امیت شاہ۔ انہوں نے کہا کہ کئی اپوزیشن قائدین بشمول تلگو دیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابو نائیڈو، نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ، این سی پی کے صدر شرد پوار، سی پی آئی ایم کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری نے اس جلسہ عام میں شرکت کی ہے۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں قومی سطح پر بی جے پی کا متحدہ مقابلہ کریں گی۔