عوامی شعبہ کے اداروں کو خطرہ ، مغلپورہ میں پشپا لیلا اور سمیر ولی اللہ کی شرکت
حیدرآباد۔24۔ فروری (سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر تلنگانہ میں تمام ضلع کانگریس کمیٹیوں نے اڈانی کمپنیوں کی مالیاتی بے قاعدگیوں کو عوام کے درمیان پیش کرنے کی مہم شروع کی ہے۔ حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے تحت پرانے شہر کے مغلپورہ علاقہ سے اس مہم کا آغاز ہوا جس کے تحت نریندر مودی اور اڈانی کی ملی بھکت کا الزام عائد کرتے ہوئے حالیہ تبدیلیوں سے عوام کو واقف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کی انچارج اور سابق وزیر پشپا لیلا نے صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ کے ہمراہ مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی سرپرستی میں گوتم اڈانی دنیا کے دولتمندوں میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئے تھے لیکن مالیاتی بے قاعدگیوں کے نتیجہ میں ملک کی معیشت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ پشپا لیلا نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ایل آئی سی اور ایس بی آئی جیسے عوامی اداروں کو خطرہ پیدا کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے 8 سالہ دور حکمرانی میں مخصوص صنعتی گھرانوں کی نہ صرف سرپرستی کی گئی بلکہ لاکھوں کروڑ وں کے قرضہ جات معاف کردیئے گئے ۔ بی جے پی دور حکومت میں عوامی شعبہ کے نفع بخش اداروں کو اڈانی اور امبانی کے حوالے کردیا گیا ۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی کی بیرونی دوروں کے موقع پر تین مرتبہ اڈانی وزیراعظم کے ساتھ رہے۔ مودی اور اڈانی میں ساز باز کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ وزیراعظم کے ذریعہ اڈانی کے اداروں کو کتنے کنٹراکٹ حاصل ہوئے ہیں۔ انڈین ایرفورس اور دفاعی معاملات میں بھی اڈانی کی مداخلت باعث حیرت ہے ۔ کانگریس پارٹی مالیاتی بے قاعدگیوں کو عوام کے درمیان پیش کرے گی۔ حیدرآباد ضلع میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم کے تحت نوجوانوں کیلئے کرکٹ ٹونمنٹ اور عوام کیلئے میڈیکل کیمپس منعقد کئے جائیں گے۔اس موقع پر چیرمین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ حیدرآباد۔ ارشد شیخ ، اسد علی ، شیام راؤ ، یوسف دانش ، سید دلاور حسین ، اسلم شریف اور دوسرے موجود تھے۔ ر