عوام ٹی آر ایس کے ہائی کمان، 600 حلقوں میں بی جے پی کو امیدوار نہیں ملا
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ عوام ہی ٹی آر ایس کے باس اور ہائی کمان ہیں جبکہ اپوزیشن پارٹیاں کے باس اور ہائی کمان دہلی میں ہے۔ انہوں نے بلدی انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی پر گمراہ کن مہم چلانے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دونوں پارٹیوں کا صفایا ہوجائے گا ۔ تلنگانہ بھون سے سوشیل میڈیا کے ذریعہ پارٹی قائدین اور کیڈر کو مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ بی جے پی صدر ڈاکٹر لکشمن کہہ رہے ہیں کہ مجھے بی جے پی سے خوف ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی ہوں یا راہول گاندھی مجھے کسی کا خوف نہیں۔ دہلی میں میرا ہائی کمان نہیں ہے جبکہ گلی میں عوام میرے باس اور ہائی کمان ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی ایسی کیا طاقت ہے کہ ٹی آر ایس خوفزدہ ہوگی ۔ بلدی انتخابات میں 600 سے زائد مقامات پر بی جے پی اپنے امیدوار میدان میں نہیں اتار سکی۔ حضور نگر کے ضمنی چناؤ میں جس پارٹی کی ضمانت ضبط ہوگئی ، اس سے کس بات کا خوف ہوگا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سوشیل میڈیا پر کانگریس اور بی جے پی بے بنیاد الزامات عائد کر رہے ہیں۔ ریاست میں دیئے جانے والے پنشن میں مرکز کی حصہ داری کے بارے میں بی جے پی قائدین کے بیانات حقائق سے بعید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے 10 سالہ دور حکومت میں جو فنڈس جاری کئے تھے ، ٹی آر ایس نے پانچ برسوں میں اس سے دوگنی رقم بلدیات کو جاری کی ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اتم کمار ریڈی کانگریس کی جانب سے بلدیات کو جاری کردہ فنڈس پر وائیٹ پیپر جاری کیا۔ سابق میں میونسپالٹیز میں 14 دن میں ایک مرتبہ پانی سربراہ کیا جاتا تھا لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس کی سوشیل میڈیا ٹیم کو مشورہ دیا کہ اپوزیرن کے الزامات کا دو ٹوک جواب دیں۔ بلدی انتخابات کیلئے سوشیل میڈیا کی خصوصی ٹیم تشکیل دی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی کا دعویٰ کیا۔