سپریم کورٹ کے سابق جج سمیت کئی سرکردہ شخصیات کا مکتوب
نئی دہلی :ہندوستان کی کچھ معروف شخصیات نے وزیر اعظم نریندر مودی اور کانگریس لیڈر راہول گاندھی کو کھلی بحث کیلئے مدعو کیا ہے۔ دونوں لیڈروں کو سپریم کورٹ کے سابق جج مدن بی لوکر، دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اجیت پی شاہ اور دی ہندو کے سابق ایڈیٹر ان چیف این رام کی طرف سے کھلی بحث سے متعلق دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ دعوت نامہ میں کہا گیا ہے کہ ہمیں یقین ہے عوامی بحث کے ذریعے ہمارے سیاسی لیڈروں کو براہ راست سننے سے شہریوں کو بہت فائدہ ہوگا۔ ریلیوں اور عوامی خطابات کے دوران بی جے پی اور کانگریس نے ہماری آئینی جمہوریت کے بنیاد سے متعلق اہم سوالات کئے ہیں۔ وزیر اعظم نے کانگریس کو ریزرویشن، آرٹیکل 370 اور ملکیت کی دوبارہ تقسیم سے متعلق عوامی طور پر چیلنج کیا ہے۔ دوسری طرف کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم سے آئین، انتخابی بانڈ اور چین کے تئیں حکومت کے ردعمل پر سوال اٹھائے ہیں اور انہیں عوامی بحث کیلئے چیلنج بھی کیا ہے۔ عوام دونوں رہنماؤں کے خیالات کو براہ راست سن کر خود فیصلہ کر سکیں گے کہ کس کی حمایت کرنی ہے۔ ایسی عوامی بحث ایک بڑی نظیر قائم کرے گی۔