مودی اور شاہ پیسے کی طاقت پر ایم ایل ایز کو چوروں کی طرح چھپاتے ہیں

   

قدرتی آفات کے وقت مودی کو ہماچل کی یاد نہیں آئی، جلسۂ عام سے پرینکا گاندھی کا خطاب
شملہ: کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے منگل کو وزیر اعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں حال ہی میں خوفناک قدرتی آفت آئی لیکن آفت کے دوران نریندر مودی ایک بار بھی ہماچل نہیں آئے ۔ پرینکا گاندھی نے آج اونا ضلع کے گگریٹ میں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ الزامات لگائے ۔ اس دوران انہوں نے ایک بار پھر مودی کو نشانہ بنایا۔ ریاست میں خوفناک قدرتی آفت آئی لیکن اس آفت کے دوران پی ایم نریندر مودی ایک بار بھی ہماچل نہیں آئے ۔ آفات سے نمٹنے کے کام کے لیے مرکز سے ریاست کو ایک روپیہ بھی نہیں آیا۔ مودی جی نے ریاست کی تباہی کو قومی آفت قرار نہیں دیا۔ تمام راحت ریاستی حکومت نے دی تھی۔ مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کو نشانہ بناتے ہوئے محترمہ واڈرا نے کہا کہ انہوں نے ریاست کی منتخب حکومت کو گرانے کی کوشش کی۔ پیسے کی طاقت سے ایم ایل اے کو چوروں کی طرح کبھی یہاں اور کبھی وہاں چھپایا۔ یہ جمہوریت کے خلاف سب سے بڑا جرم عوام کی آنکھوں کے سامنے کرنے کی کوشش ہوئی۔ یہ ہمارے لیڈران کا عزم تھا کہ حکومت متحد رہی۔ جن کو جانا تھا وہ پیسے کی طاقت کے بل بوتے پر گئے ۔ بی جے پی کا واحد مذہب طاقت اور جائیداد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پیسے اور طاقت کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے کام کرتی ہے ۔ مودی کو نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ 10 سالوں سے ملک کے لوگوں کو گمراہ کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے ملک کے 22 کھرب پتیوں کے 16 لاکھ کروڑ روپے معاف کر دیے لیکن ملک کے کسانوں کے قرض معاف نہیں کر سکے ۔ تین زرعی قوانین اور قرض معافی کے لئے ملک کے 600 سے زیادہ کسانوں نے اپنی جان گنوائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے ۔ آج ملک کی خواتین کو گھر مہمان لانے پربھی شرم آتی ہے جو سلنڈر 2014 میں 400 روپے میں ملتا تھا وہ آج 1200 روپے میں فروخت ہورہا ہے ۔ آج نہ تو احتجاج کرنے والے وزراء احتجاج کر پا رہے ہیں اور نہ ہی مودی جی کے منہ سے مہنگائی کے نام پر ایک لفظ بھی نکل رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں بے روزگاری اپنے عروج پر ہے ۔ آج ملک میں 70 کروڑ لوگ بے روزگار ہیں۔ ملک میں نوجوان پڑھے لکھے ہیں لیکن روزگار کسی کے پاس نہیں۔ ملک میں 30 لاکھ سے زیادہ اسامیاں خالی ہیں جنہیں کانگریس کی حکومت بنتے ہی پُر کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ناری نیائے یوجنا کے تحت کروڑوں خواتین کو ماہانہ 8500 روپے دیے جائیں گے ۔ گریجویٹ نوجوانوں کو ماہانہ 8500 روپے ایک سال تک انٹرن شپ کے طورپر دئے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے 10 سال میں جمہوریت کا نام و نشان نہیں رہا۔ پیسے کی طاقت سے حکومتیں گرائی جا رہی ہیں۔ عوام کو ہر جگہ، ہر سطح پر دھوکہ دیا گیا ہے ۔ کانگریس کی حکومتیں عوام کو راحت دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ الیکشن آتے ہی بی جے پی لیڈر توجہ ہٹانے کے لیے مذہب کی باتیں کرنے لگتے ہیں۔

محترمہ واڈرا نے کہا کہ ایک طرف وہ نظریاتی پارٹی ہے جس نے ملک کے عوام کو تنوع کے باوجود متحد کرنے کے لیے اپنی جان قربان کی۔ دوسری طرف وہ نظریاتی جماعت ہے جس نے ملک کے لوگوں کو مذہب، ذات پات، ہندو مسلم کے نام پر تقسیم کرنے کا کام کیا ہے ۔ اب فیصلہ آپ کو کرنا ہے ۔
محترمہ واڈرا نے کہا، “جب تک اس ملک میں ایک مہذب سیاست قائم نہیں ہو جاتی، کچھ نہیں بدلے گا۔ اس ملک کی جمہوریت، آئین پر آنچ نہیں آنے دیں گے ۔ مودی حکومت نے بیرون ملک سے آنے والے سیب پر ٹیکس کم کیا، جب کہ یہاں سیب جی ایس ٹی پر جی ایس ٹی لگایا جا رہا ہے ۔ کانگریس کسانوں کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرے گی۔