فرقہ پرستوں کو روکنے عوام سے اپیل، کانگریس امیدواروں کے روڈ شو اور جلسوں میں عوام کی کثیر تعداد
حیدرآباد ۔یکم اپریل (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کیرالہ پی وجین اور وزیر اعظم نریندر مودی دونوں ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں اور ان میں کوئی فرق نہیں ہے۔ بی جے پی کیرالہ میں پی وجین کی مدد سے قدم جمانا چاہتی ہے ، لہذا کیرالہ کے باشعور رائے دہندوں کو فرقہ پرست طاقتوں کو کیرالہ میں داخلہ سے روکنے کے لئے کانگریس زیر قیادت اتحاد کی تائید کرنی چاہئے۔ چیف منسٹر کیرالہ اسمبلی انتخابات کے ضمن میں کانگریس زیر قیادت یو ڈی ایف اتحاد کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔ ریونت ریڈی دو دن تک کیرالہ کے مختلف اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس امیدواروں کے روڈ شو میں حصہ لیں گے اور کارنر میٹنگ سے خطاب کریں گے ۔ چیف منسٹر نے آج ٹریونڈرم متارا اور دیگر اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کی انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی کیرالہ میں فرقہ پرست طاقتوں کے داخلہ کیلئے بے چین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ کے عوام تعلیم یافتہ ہیں اور انہوں نے فرقہ پرست طاقتوں کو ریاست میں داخل ہونے نہیں دیا ہے۔ بی جے پی اور آر ایس ایس کو کیرالہ میں داخلہ کیلئے عوام کی جانب سے لکشمن ریکھا قائم کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں فرقہ پرست طاقتوں کو ریاست میں داخلہ کی گنجائش نہیں۔ نریندر مودی چاہتے ہیں کہ پی وجین کے ذریعہ کیرالہ میں داخل ہوں تاکہ ماحول کو بگاڑا جائے۔ بی جے پی کیرالہ کے نوجوانوں کے مستقبل کو بندھی بنانا چاہتی ہے ۔ انتخابات میں بی جے پی اور بائیں بازو اتحاد ایک ہی ہے۔ ریونت ریڈی نے دعویٰ کیا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس زیر قیادت اتحاد کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کانگریس کے اقتدار کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں اور ضمانتوں کی تکمیل صرف کانگریس سے ممکن ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کیرالہ کے 45 لاکھ افراد خلیجی ممالک میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ کیرالہ واپس ہوکر ریاست کو ترقی دیں لیکن ان کے لئے روزگار کے موا قع موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن واپس ہونے والے نوجوانوں کے لئے حکومت کی جانب سے کوئی صنعتیں قائم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسی حکومت کو منتخب کریں جو ریاست کو ترقی دے ، صنعتیں قائم کریں اور سرمایہ کاری کو یقینی بنائے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ راہول گاندھی ملک بھر میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ راہول گاندھی کو ملک کا وزیراعظم بنانے کیلئے عوام کو متحدہ ہونا چاہئے ۔ ریونت ریڈی کے روڈ شو میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرتے ہوئے علحدہ تلنگانہ ریاست قائم کی اور کانگریس برسر اقتدار آنے کے بعد ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی کے آشیرواد سے تلنگانہ ملک کی نمبر ون ریاست بن چکی ہے ۔ چیف منسٹر کل 2 اپریل کو کئی اسمبلی حلقہ جات میں پارٹی کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔1