بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کانگریس کی پد یاترا ۔ ڈگ وجئے سنگھ اور ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/19 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد اور سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش ڈگ وجئے سنگھ اور صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز کی نریندر مودی اور تلنگانہ کی کے سی آر حکومت دونوں عام آدمی کو لوٹ رہے ہیں۔ گزشتہ 8 برسوں میں دونوں حکومتوں نے عوام سے 32 لاکھ کروڑ روپئے کی لوٹ کی ہے۔ بڑھتی مہنگائی کے خلاف چیوڑلہ میں 10 کیلو میٹر طویل پدیاترا کا کانگریس پارٹی نے اہتمام کیا۔ ریونت ریڈی نے سینئر قائدین کے ساتھ اس طویل پدیاترا کی قیادت کی۔ ملک بھر میں کانگریس کی جانب سے مہنگائی کے خلاف پدیاترا کے اہتمام کا فیصلہ کیا گیا۔ چیوڑلہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرنے سے قبل ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور اندرا گاندھی کے مجسموں پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ راجیو گاندھی اور وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے مجسموں پر بھی پھول نچھاور کئے گئے۔ ڈگ وجئے سنگھ نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے بی جے پی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کا اعلان کیا ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کے تعاون سے یہ جدوجہد کی جائیگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ مہنگائی کے نتیجہ میں غریب اور متوسط طبقات کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ ٹی آر ایس کے دو ایم پی ٹی سی ارکان کے سجاتا اور ستیہ نے بڑھتی مہنگائی کے خلاف بطور احتجاج کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2014 میں یو پی اے حکومت کے دوران پٹرول کی قیمت 60 روپئے فی لیٹر تھی جو اب بڑھ کر 108 روپئے ہوچکی ہے۔ نریندر مودی نے سوئز بینکوں سے کالے دھن کی واپسی اور ہر شہری کو 15 لاکھ روپئے کے علاوہ مہنگائی پر قابو پانے کا وعدہ کیا تھا۔ بی جے پی حکومت نے ہر سال 2 کروڑ روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ اسی طرح کے سی آر نے نوجوانوں کو روزگار کا تیقن دیا تھا لیکن برسراقتدار آنے کے بعد سے دونوں حکومتوں نے وعدوں کو فراموش کردیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے پٹرول اور ڈیزل میں ویاٹ میں عدم کمی پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کسانوں سے دھان کی مکمل خریدی تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر سینئر قائدین محمد علی شبیر، ڈاکٹر ملو روی، سمپت کمار، رام موہن راؤ، مہیش کمار گوڑ، نرسمہا ریڈی، مال ریڈی رنگاریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ر