ہندوستان چھوڑدو تحریک کی یاد میں گاندھی بھون میں تقریب، صدر پردیش کانگریس نے قومی پرچم لہرایا
حیدرآباد۔9 ۔اگست (سیاست نیوز) ملک کی جدوجہد آزادی کے دوران ہندوستان چھوڑدو تحریک کی یاد میں آج کانگریس پارٹی میں مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا۔ صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ہندوستان چھوڑدو تحریک کے ذریعہ مجاہدین آزادی نے انگریزوں کو ملک سے جانے کیلئے مجبور کردیا ۔ اس تحریک میں بلا لحاظ مذہب و ملت عوام میں شرکت کرتے ہوئے اپنی قربانیاں پیش کی ہیں۔ مجاہدین آزادی کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ہندوستان نے ہر شعبہ میں تر قی کرتے ہوئے دنیا بھر میں اپنی شناخت بنائی ہے۔ انہوں نے مرکز کی نریندر مودی اور ریاست کی کے سی آر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ دونوں حکومتیں عوام کے مفادات کے تحفظ اور مسائل کی یکسوئی میں ناکام ہوچکی ہیں۔ کانگریس نے ملک کو آزادی دلائی اور یہی کانگریس پارٹی عوام کو مودی اور کے سی آر حکومتوں سے نجات دلائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک دونوں حکومتوں کا زوال نہیں ہوگا ، اس وقت تک عوام کو مسائل سے نجات نہیں ملے گی۔ مرکزی حکومت نے ملک کے مفادات کو اڈانی اور امبانی کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ ملک میں زرعی شعبہ کو کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرنے کی سازش کی گئی جس کے تحت سیاہ قوانین تیار کئے گئے ہیں۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ پر تنقید کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت نے ایک سال میں مہنگائی میں کمی کا وعدہ کیا تھا لیکن 7 برس گزرنے کے باوجود عوام کو کوئی راحت نہیں ملی ہے۔ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ سے دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے ۔ نوٹ بندی کے بعد مہنگائی میں اضافہ کے نتیجہ میں عوام معاشی بحران کا شکار ہے۔ ریونت ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دونوں حکومتوں کے خلاف آواز بلند کریں۔ سونیا گاندھی نے نوجوانوں کی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے نئی ریاست تشکیل دی لیکن کے سی آر کا خآندان حکمرانی کرتے ہوئے عوام کو لوٹ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اور خواتین کے خلاف مظالم کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ نوجوانوں اور کمزور طبقات نے نئی ریاست سے جو امیدیں وابستہ کی تھیں ، انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ تقریب میں پارٹی کے سینئر قائدین کے علاوہ محاذی تنظیموں کے کارکنوں نے حصہ لیا۔ پرچم کشائی تقریب کے بعد ریونت ریڈی طویل گاڑیوں کے قافلے کے ذریعہ اندراولی ضلع عادل آباد روانہ ہوگئے۔