!مودی اور کے سی آر 5 فبروری کو ایک شہ نشین پر ہونگے

   

شمس آباد میں چنا جیئر سوامی کے آشرم میں تقریب ۔ سیاسی حلقوں میں دلچسپی

حیدرآباد۔24 جنوری (سیاست نیوز) وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ 5فروری کو مچنتلہ آشرم میں ایک شہ نشین پر نظر آئیں گے!چنا جیئر سوامی نے اپنے آشرم شمس آباد میں رامانجولا آچاریہ کی 1000 ویں یوم پیدائش پر’مجسمہ مساوات‘ کی نقاب کشائی کیلئے وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ تلنگانہ کو مدعو کیا ہے ۔ ٹی آر ایس و بی جے پی کے درمیان بڑھتی دوریوں کو دیکھتے ہوئے اب سیاسی حلقوں اور سرکردہ قائدین کی نگاہیں 5فروری کو اس پروگرام پر ٹکی ہیں ۔ گذشتہ چند ماہ کے دوران چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ وزیر اعظم اور بی جے پی کے خلاف سخت تیور اختیار کئے ہوئے ہیں اور وزیر اعظم کے طلب کردہ چیف منسٹرس کے دو اہم اجلاسوں کو بھی کے سی آر نے نظر انداز کردیا تھا اور اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا لیکن اب جبکہ چنا جیئر سوامی کے آشرم کا معاملہ ہے تو کہا جار ہاہے کہ دونوں قائدین ایک ساتھ شہ نشین پر نظر آسکتے ہیں۔ سیاسی حلقوں کی جانب سے اس بات کا جائزہ لیا جا رہاہے کہ آیا مودی کی موجودگی میں چیف منسٹر تلنگانہ شہ نشین پر ہوں گے یا نہیں !واضح رہے کہ چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم سے شخصی ملاقات کرکے انہیں یادادری میں وسیع و عریض مندر کے افتتاح کیلئے مدعو کیا تھا اور سال گذشتہ کے اواخر میں بھی انہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کرکے مختلف امور پر ملاقات کی تھی لیکن اب جو سیاسی صورتحال ہے ایسے میں ریاستی اور مرکزی حکومت کے درمیان تعلقات کشیدہ ہیں اسی لئے یہ سوال اٹھایا جانے لگا ہے کہ کیا دونوں ایک شہ نشین پر نظر آئیں گے! سرکاری ذرائع کے مطابق چیف منسٹر ‘چنا جیئر سوامی سے عقیدت رکھتے ہیں اسی لئے وہ تقریب میں شرکت نہ کریں ایسا ممکن نہیں لیکن یہ بھی کہا جا رہاہے کہ ضروری نہیں کہ چیف منسٹر اسی وقت شرکت کریں جب وزیر اعظم موجود رہیں۔ ایک اور گوشہ کا کہناہے کہ یہ ایک خالص مذہبی تقریب ہے اسی لئے دونوں کا ایک ساتھ شہ نشین پر موجود ہونے میں کوئی قباحت نہیں ہے اسی لئے اس پر اعتراض کے بجائے اسے ایک شخصی اور عقیدت پر مبنی معاملہ تصور کیا جانا چاہئے ۔ بی جے پی قائدین کا کہناہے کہ وزیر اعظم تقریب میں شرکت کر رہے ہیں تو پروٹوکول کا احترام لازمی ہے ۔م