مودی اور کے سی آر حکومتوں میں خواتین نظرانداز: اتم کمار ریڈی

   

خواتین کی ترقی سماج کی ترقی، یوم خواتین تقریب سے جئے پال ریڈی، بھٹی وکرامارکا اور دوسروں کا خطاب
حیدرآباد۔ 08 مارچ (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اور کے سی آر حکومتوں نے خواتین کی ترقی کو نظرانداز کردیا۔ خواتین کو خودمختار بنانے سے متعلق محض دعوے کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی دورِ حکومت میں خواتین پر مظالم میں اضافہ ہوگیا تو دوسری طرف اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ صدرپردیش کانگریس آج مہیلا کانگریس کے زیر اہتمام منعقدہ یوم خواتین تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ خواتین کو اہمیت دی ہے اور ان کی ترقی صرف کانگریس کے دور میں ممکن ہوئی۔ کانگریس کی قیادت زیادہ تر خواتین کے ہاتھ میں رہی اور ملک کی پہلی خاتون وزیراعظم اندرا گاندھی بھی کانگریس سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی نے خواتین کو مناسب نشستیں الاٹ کی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک خواتین سیاسی طور پر ترقی نہ کریں اس وقت تک وہ سماج کی ترقی میں رول ادا نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ہمیشہ خواتین کی سیاسی، سماجی اور معاشی ترقی کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے بغیر ملک کی پہلی وزارت تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت ہے۔ کے سی آر کی پہلی میعاد میں بھی کسی خاتون کو شامل نہیں کیا گیا اور اب دوسری مرتبہ کابینہ خاتون وزیر سے محروم ہے۔ اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی اور کے سی آر کے درمیان خفیہ مفاہمت ہوچکی ہے۔ عوام کو اس بارے میں واقفیت حاصل کرنی چاہئے۔ نریندر مودی حکومت میں ملک میں بیروزگاری میں اضافہ ہوگیا۔ کسان مختلف مسائل کا شکار ہیں۔ نریندر مودی نے ایک بھی انتخابی وعدے کی تکمیل نہیں کی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ملک کی ترقی اور سماج کے تمام طبقات کی یکساں ترقی کے لیے راہول گاندھی کا وزیراعظم بننا ضروری ہے۔ آئندہ انتخابات میں راہول کی قیادت میں کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ سکریٹری اے آئی سی سی مدھو یاشکی گوڑ نے ملک میں خواتین پر مظالم میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے تلنگانہ ریاست کی تشکیل میں اہم رول ادا کیا اور خواتین کی ترقی میں کانگریس کا اہم رول رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر دور حکومت میں خواتین کی اہمیت ختم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اور ان کے ارکان پارلیمنٹ مرکز سے ایک بھی وعدے کی تکمیل میں ناکام ثابت ہوئے۔ سابق مرکزی وزیر ایس جئے پال ریڈی نے انکشاف کیا کہ پنڈت جواہرلال نہرو نے خواتین کو جائیداد میں حصہ داری کی تجویز رکھی تھی لیکن آر ایس ایس نے اس کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے خواتین کی ترقی کو فراموش کردیا ہے۔ جئے پال ریڈی نے سماج میں خواتین کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی ترقی خواتین کے بغیر ممکن نہیں۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ہر کسی کو خواتین کی ترقی پر توجہ دینی چائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کانگریس پارٹی سے خواتین کی سیاسی، معاشی اور سماجی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں خواتین کی بھلائی کے لیے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا گیا تھا۔