مودی اپنے آپ کو صرف بہار کے وزیراعظم کی طرح پیش کررہے ہیں

   

کانگریس جی ایچ ایم سی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہی : ٹی سرینواس یادو
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر انیمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے نریندر مودی پر بہار کے وزیراعظم کی حیثیت سے کام کرنے کا الزام عائد کیا ۔ حیدرآباد کے سیلاب کے متاثرین کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ۔ جی ایچ ایم سی انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کرنے کا کانگریس پر بھی الزام عائد کیا ۔ ٹی سرینواس یادو نے آج شہر کے تین اسمبلی حلقوں خیریت آباد ، کنٹونمنٹ اور گوشہ محل کے سیلاب کے متاثرین میں 10 ہزار روپئے امدادی رقم تقسیم کی ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کے عوام سیلاب کی تباہی سے پریشان ہیں ۔ مرکزی ٹیم نے حیدرآباد کے علاوہ اضلاع کا دورہ بھی کرچکی ہے ۔ حکومت کی جانب سے مرکزی ٹیم کو جانی مالی نقصانات کی تمام تفصیلات پیش کی گئی ہیں ۔ قبل از چیف منسٹر کے سی آر نے وزیراعظم کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سیلاب کے متاثرین کی مدد کرنے کی بھی اپیل کرچکے ہیں ۔ شہر حیدرآباد کی نمائندگی کرنے والے مرکزی مملکتی وزیر داخلہ جی کشن ریڈی بھی متاثرین سے ملاقات کرچکے ہیں ۔ باوجود اس کے مرکزی حکومت نے متاثرین کی راحت کاری کے لیے تاحال کوئی امداد نہیں کی ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی حیدرآباد کے متاثرین کو نظر انداز کرتے ہوئے بہار کی انتخابی مہم میں مصروف ہیں ۔ ایسا لگتا ہے نریندر مودی صرف بہار کے وزیراعظم ہیں ۔ ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ کانگریس پارٹی جی ایچ ایم سی کے انتخابات سے خوفزدہ ہے ۔ انتخابات سے راہ فرار اختیار کرنے کے لیے بی سی ریزرویشن کا بہانہ کررہی ہے ۔ اصل میں کانگریس کے پاس مقابلہ کرنے کے لیے امیدوار ہی دستیاب نہیں ہے ۔ انہوں نے کانگریس کی جانب سے جی ایچ ایم سی انتخابات میں بی سی طبقہ کو 50 فیصد نشستیں مختص کرنے کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی نے بی سی طبقہ کی فلاح و بہبود کے لیے 70 سال میں جو کام نہیں کئے وہی کام ٹی آر ایس نے 6 سال میں کر دکھائے ہیں ۔ ایوانوں میں بی سی طبقہ کو تحفظات فراہم کرنے کے لیے اسمبلی میں قرار داد منظور کر کے مرکز کو روانہ کیا گیا ہے ۔۔