پٹنہ : بہار پردیش جنتا دل یونائیٹڈ کے جنرل سکریٹری اور بہار اسٹیٹ شیعہ وقف بورڈ کے سابق چیئرمین ارشاد علی آزاد نے مرکز کی مودی حکومت پر بدعنوانی کا بہانہ بنا کر اپوزیشن جماعتوں اور غیر جانبدار صحافیوں کو پھنسانے اور ہراساں کرنے کا الزام لگایا اور کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی خود بدعنوانوں کے لیڈر بن گئے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد بدعنوانی کے سنگین الزامات میں گھرے شوبھندو ادھیکاری، ہمنت بسوا سرما، مکل رائے ، نارائن رانے ، اجیت پوار اور چھگن بھجبل سے لے کر پرفل پٹیل جیسے لیڈروں تک کے داغ دھل گئے ۔ بدعنوان لوگوں کے داغ بی جے پی میں دھل جاتے ہیں،اب یہ جملہ نہیں رہا بلکہ حقیقت بن چکا ہے ۔لیکن پی ایم مودی اور بی جے پی حکومت کرپشن کے نام پر اپوزیشن پارٹیوں اور صحافیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی کوشش کر رہی ہے جو غیر اعلانیہ تاناشاہی کے سوا کچھ نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت اقتدار میں آنے کے بعد سے مسلسل اپوزیشن لیڈروں پر بدعنوانی کے الزامات لگا رہی ہے لیکن اب تک کچھ ثابت نہیں کر پا ئی ہے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ جب جب انتخابات قریب ہوتے ہیں چھاپے اور سمن تیز ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بدعنوانی کے خلاف لڑائی نہیں ہے ۔ اگر یہ بدعنوانی کے خلاف لڑائی ہوتی تو بدعنوانی کے ملزمین بی جے پی لیڈروں کو نہیں بخشا جاتا۔یہ دراصل اقتدار کھونے کا خوف ہے جو بی جے پی کے چھوٹے بڑے لیڈروں کے اقدامات سے ظاہر ہورہا ہے ۔