مودی تاج محل سے محبت کا سبق لیں: اکھلیش یادو

   

لکھنو۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایس پی کے سربراہ اکھلیش یادو نے آج امید ظاہر کی کہ وزیراعظم نریندر مودی اپنے دورہ آگرہ کے موقع پر تاج محل سے چاہت اور محبت کا سبق حاصل کریں گے۔ وزیراعظم مودی آگرہ میں 2980 کروڑ روپئے مالیتی کئی پراجیکٹوں کے افتتاح کے علاوہ ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے اور اس شہر میں ان کے دورہ کے آغاز سے چند گھنٹوں قبل اکھلیش یادو نے ٹوئٹر پر یہ ریمارک کیا۔ اکھلیش نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’’امید کہ وزیراعظم چاہت اور محبت کا سبق سیکھنے کے بعد تاج محل سے واپس ہوں گے‘‘یادو نے یہ بھی کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ قریبی علاقوں میں آلو، نیشکر اور گیہوں کی کاشت کرنے والے کسانوں کے درد کو بھی یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش، دہلی سے اس حد تک بھی دور نہیں ہے کہ ملک کے سربراہ کو اس علاقہ کے کسانوں اور تاجرین کی زبوں حالی کی قبر نہیں پہنوچ سکتی۔

مودی کا آگرہ دورہ،کئی پروجیکٹ کی کریں گے نقاب کشائی
آگرہ۔ 9 جنوری(سیاست ڈاٹ کام) وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو آگرہ میں کوٹھی مینا بازار میدان میں 3907 کروڑ روپیوں کے اخراجات والے پروجکٹوں کا سنگ بنیا د اور نقاب کشائی کریں گے ۔ سرکاری ذرائع نے یہاں بتایا کہ وزیر اعظم دوپہر 3:15 بجے کھیریا ایئرپورٹ پر پہنچیں گے ۔اور 3:35 بجے کوٹھی مینا بازار میدان میں تقریبا 3907 کروڑ روپیوں کے اخراجات والے پروجکٹوں کا سنگ بنیاد اور نقاب کشائی کریں گے ۔ اس کے بعد وہ ایک عوامی ریلی سے بھی خطاب کریں گے ۔ اطلاعات کے مطابق کھیریا ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کے استقبال کے لئے اترپردیش کے گورنر رام نائک اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ موجود ہوں گے۔ وزیر اعظم کی ریلی میں جاپان کے سفیر کینسی ہرامتشو بھی موجود رہیں گے ۔