ٹوکیو؍نئی دہلی ۔30 اگست (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی جاپان کے اپنے دو روزہ کامیاب دورہ کے اختتام پر ہفتہ کو چین روانہ ہو گئے ۔ چین کے لیے روانہ ہونے کے بعد مودی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ان کا جاپان کا دورہ بہت نتیجہ خیز رہا اور یہ دونوں ممالک کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ غور طلب ہے کہ مودی جاپان اور چین کے چار روزہ دورے پر جمعرات کی رات ٹوکیو پہنچے تھے ۔ دورے کے پہلے مرحلے میں مودی نے جمعہ کو اپنے جاپانی ہم منصب شیگیرو ایشیبا کے ساتھ 15ویں ہندوستان۔جاپان سالانہ چوٹی کانفرنس میں شرکت کی۔ دونوں وزرائے اعظم نے انڈیا۔جاپان اکنامک فورم کی میٹنگ سے خطاب کیا۔ آج دورے کے دوسرے دن مودی نے اپنے جاپانی ہم منصب کے ساتھ شنڈائی میں ایک سیمی کنڈکٹر کمپنی کا دورہ کیا۔ اس کے بعد وزیر اعظم اشیبا نے مودی کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا جس کے بعد مودی چین روانہ ہوگئے ۔ مودی چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان مملکت کی کانفرنس میں شرکت کریں گے ۔ وہ صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور دیگر عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ بات چیت کریں گے ۔
مودی کی جن پنگ اور پوتن سے ملاقات پر دنیا کی نظریں
نئی دہلی 30 اگست (یواین آئی) امپورٹ ڈیوٹی کو لے کر امریکہ کے ساتھ جاری کشمکش کے درمیان جاپان کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ چین اور وہاں کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ان کی ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے اور دنیا کی نظریں ان تین بڑے ممالک کے اعلیٰ رہنماؤں کی اس ملاقات پر لگی ہوئی ہیں۔ مودی اتوار کو شی جن پنگ اور پیر کو پیوتن سے چینی شہر تیانجن میں ملاقات کریں گے ۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کئی دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔ مودی آج شام شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی 25ویں میٹنگ میں شرکت کے لیے تیانجن پہنچے ۔ گزشتہ ایک سال کے اندر وزیر اعظم نریندر مودی کی صدر شی جن پنگ سے یہ دوسری ملاقات ہوگی، جو سات سال سے زائد عرصے کے بعد چین کا دورہ کر رہے ہیں، اور دونوں ممالک کو امید ہے کہ وہ پانچ سال قبل وادی گلوان میں اپنے فوجیوں کے درمیان پرتشدد تصادم سے پیدا ہونے والی تلخی کو دور کرنے اور تجارت سمیت تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو دوبارہ پٹری پر لانے کی طرف آگے بڑھیں گے ۔ امریکہ کی جانب سے ہندوستان سمیت مختلف ممالک پر عائد بھاری درآمدی ڈیوٹی کے باعث دنیا بھر میں تجارتی محاذ پر اتھل پتھل کے درمیان وزیر اعظم کی ان ملاقاتوں کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔
وزیر اعظم مودی نے یوکرین کے
صدر زیلنسکی سے فون پر بات کی
نئی دہلی، 30 اگست (یواین آئی) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ٹیلیفون پر گفتگو کی ۔ وزیر اعظم کے دفتر نے کہا کہ صدر زیلنسکی نے یوکرین سے متعلق حالیہ پیش رفت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔وزیر اعظم مودی نے صدر زیلنسکی کا شکریہ ادا کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان کا مؤقف ہمیشہ پُرامن تصفیے اور امن کی جلد از جلد بحالی کی کوششوں کی حمایت پر قائم رہا ہے ۔ وزیراعظم نے اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے عزم کو دوہرایا۔دونوں رہنماؤں نے ہندوستان -یوکرین دو طرفہ شراکت داری میں ہوئی پیش رفت کا جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔