مودی جھوٹ کے ماسٹر ، غریب کا کبھی ساتھ نہیں دیتے

,

   

اڈانی اور امبانی کی آمدنی بڑھاتے ہیں، صدر کانگریس کھرگے کی تنقید

جنجگیر چمپا: کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر شدید حملہ کیا۔ کھرگے نے کانگریس امیدوار شیو کمار ڈاہریا کی حمایت میں جنجگیر چمپا کے بھالے راؤ میدان میں آج ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ الیکشن ملک کو متحد رکھنے کا الیکشن ہے ۔ یہ الیکشن ہمارے آئین کو بچانے اور جمہوریت کو بچانے کا الیکشن ہے ۔ کھرگے نے الزام لگایا کہ مودی جھوٹ کے ماسٹر ہیں، وہ جھوٹ پر جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ کبھی غریب کا ساتھ نہیں دیتے ، صرف باتیں کرتے ہیں۔ بی جے پی والے غریبوں کی بات نہیں کرتے بلکہ اڈانی-امبانی کی آمدنی بڑھاتے ہیں۔ وہ صبح سے شام تک ہمیں اور کانگریس کو گالی دیتے ہیں۔ پارٹی لیڈر سونیا گاندھی، راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کو گالی دیتے ہیں۔ وہ کبھی کبھی مجھے بھی گالیاں دیتے ہیں۔ کھرگے نے کہا کہ مودی اور ان کے چیلے بار بار 400پار کا نعرہ دے رہے ہیں، لیکن یہ نعرہ غریبوں، پسماندہوں، قبائلیوں اور دلتوں کی بھلائی کا نہیں بلکہ تمام طبقات کے حقوق کو ختم کرنے کا ہے ۔ ہر جگہ یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر ہمیں اکثریت ملی تو ہم آئین بدل دیں گے ۔آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت کو نشانہ بناتے ہوئے کھرگے نے کہا کہ وہ آئین کو تبدیل کرنے والے نہیں ہیں۔ ہم ریزرویشن ختم کرنے والے نہیں ہیں، یہ اسی طرح جاری رہے گا۔ سوال پوچھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر آپ کہیں بھی آئین بدلنے کی بات نہ کرتے تو یہ معاملہ یہاں تک نہ پہنچتا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کے سبھی ممبران پارلیمنٹ، ایم ایل اے اور سادھو سنت آئین کو تبدیل کرنے کی بات کر رہے ہیں۔
بی جے پی کو مکمل اکثریت ملی تو ریزرویشن پر حملہ یقینی:کانگریس
لکھنؤ: کانگریس کے سینئر لیڈر و سابق ایم پی پی ایل پنیا نے کہا کہ بی جے پی کی مکمل اکثریت کی حکومت بننے کی صورت میں ریزرویشن پر حملہ یقینی ہے ۔ پارٹی کے ریاستی دفتر پر میڈیا نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پنیا نے کہا کہ بی جے پی کی حکومت نے قدم رکھتے ہی دلتوں، محرومین، استحصال زدہ افراد کا استحصال شروع کردیا تھا۔ جو اس بات کا اشارہ تھا کہ مستقبل کے ہندوستان میں بی جے پی اپنی مکمل اکثریت کا غلط استعمال کرکے بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے ذریعہ لکھے گئے آئین پر حملہ کرے گی اور وہ آج ہوتے ہوئے دکھائی بھی دے رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سال 2014 میں اقتدار میں آتے ہی مودی حکومت نے کسانوں کی زمین کا مناسب معاوضہ قانون پر ضرب لگای تھی پھر بعد میں کسانوں کی آمدنی ہڑپنے کے زرعی کالے قانون لانے کا پاپ کیا ۔ مودی حکومت نے دوسرا بڑا حملہ پبلک پراپرٹی کو فروخت کرنے کا آغاز کیا ہے کیونکہ مودی حکومت نے یہ واضح کردیا تھا کہ پبلک پراپرٹی کو فروخت کرنے کے بعد ایس سی/ایس ٹی اور او بی سی کا ریزرویشن پرائیویٹ شعبے میں برقرار نہیں رکھا پنیا نے کہا کہ لگاتارسرکاری نوکریوں میں آوٹ سورسنگ کا کھیل کھیل کر مودی حکومت ریزرویشن پر حملہ کررہی ہے ۔