مودی جی نہ تو سچ بولتے ہیں، نہ بولنے دیتے ہیں:راہول

   

کورونااموات سے متعلق ’دی نیو یارک ٹائمز‘ کی رپورٹ پر کانگریس قائد کا ردعمل

نئی دہلی : کانگریس قائد راہول گاندھی نے کہا کہ مودی جی نہ تو سچ بولتے ہیں اور نہ ہی بولنے دیتے ہیں۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ کووڈ میں حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے 5 لاکھ نہیں، 40 لاکھ ہندوستانیوں کی موت ہوئی ہے۔’دی نیو یارک ٹائمز’ کی ایک رپورٹ کے مطابق، ہندوستان عالمی کووڈ سے ہونے والی اموات کی تعداد کو عام کرنے کے لیے ڈبلیو ایچ او کی کوششوں کو روک رہا ہے۔ ظاہر ہے کہ یہ الزامات براہ راست مرکز کی موجودہ حکومت پر ہیں۔ راہول گاندھی نے اس رپورٹ پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مودی حکومت سے کووڈ متاثرین کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔راہول گاندھی نے ٹوئٹ کر کے کہا کہ ’’مودی جی نہ تو سچ بولتے ہیں اور نہ ہی بولنے دیتے ہیں۔ وہ آج بھی جھوٹ بولتے ہیں کہ آکسیجن کی کمی سے کوئی نہیں مرا۔ مودی جی اپنا فرض ادا کریں۔ ہر متاثرہ خاندان کو 4 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے۔’دی نیویارک ٹائمز’ میں شائع رپورٹ میں دہلی میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران ایک ساتھ آخری رسومات کا بھی حوالہ دیا گیا، اور یہ بھی بتایا گیا کہ اپریل 2021 میں کورونا کی دوسری لہر کے دوران دہلی میں کووڈ سے مرنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کی آخری رسومات کس طرح سے ایک ساتھ ادا کی گئیں۔