مودی حکومت، سرمایہ داروں کی کٹھ پتلی

   

قیمتوں پر قابو پانے کا مطالبہ، نارائن پیٹ میں سی پی ایم کا احتجاج
نارائن پیٹ : سی پی ایم کی جانب سے پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیس کی بڑھتی قیمتوں پر فوری قابو پانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آج ضلع صدر مقام نارائن پیٹ کے امبیڈکر چوراہا پر آٹو رکشاؤں کو رسّی سے کھینچتے ہوئے انوکھا احتجاج کیا گیا۔ اس موقع پر سی پی ایم پارٹی لیڈر آر وینکٹ رامن نے پٹرول، ڈیزل اور پکوان گیاس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ پر مرکزی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ مودی حکومت، سرمایہ داروں کے اشاروں پر کٹھ پتلی حکومت کی طرح کام کررہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو غریب عوام کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ وہ صرف سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کے کام پر مامور ہے۔ سی پی آئی ایم کے ضلعی سکریٹری بی رامو نے کہاکہ ملک کے عوام کو مودی حکومت کو گرانے کے لئے ملک گیر سطح پر احتجاج اور بائیکاٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ بی وینکٹ رام ریڈی نے کہاکہ ہمارے ملک کے پڑوسی ملکوں میں پٹرول کی قیمتیں 60 تا 70 روپئے فی لیٹر ہے جبکہ ہمارے ملک میں 102 تا 110 روپئے فی لیٹر پٹرول اور ڈیزل فروخت کیا جارہا ہے۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ مرکزی حکومت اسی طرح کا رویہ اپنائے تو ملک ایک دن دیوالیہ اور بھوک مری کا شکار ہوجائے گا۔ اس احتجاج میں سی پی آئی اور سی پی آئی ایم نیو ڈیموکریسی کے ریاستی و ضلعی قائدین نے شرکت کی جن میں قابل ذکر مسرز نرسمہلو گوڑ، کاشی ناتھ، بالرام، کنچی نارائنا، جوشی، ہنمنتو، انجنیلو و دیگر نے شرکت کی۔