واشنگٹن:سابق امریکی صدر بارک اوباما کا کہنا ہے کہ اگر نریندر مودی کی حکومت ہندوستان کی نسلی اقلیتوں کو تحفظ فراہم نہیں کرے گی تو ہندوستان کا شیرازہ بکھرنے کا خطرہ ہے۔ یہ بات اْنہوں نے امریکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ امریکہ کے بارے میں سوال کے جواب میں کہی۔سابق امریکی صدر نے کہا کہ نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں صدر بائیڈن کو ہندو اکثریت والے ہندوستان میں مسلم اقلیتوں کے تحفظ کا معاملہ اْٹھانا چاہیے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ میں مودی سے ملتا تو یہ دلیل دیتا کہ اگر وہ ہندوستان کی نسلی اقلیتوں کو تحفظ فراہم نہیں کریں گے تو ہندوستان کا شیرازہ بکھرنے کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم دیکھ چکے ہیں کہ بڑے پیمانے پر داخلی اختلافات کا کیا نتیجہ نکلتا ہے۔ یہ نہ صرف ہندوستانی مسلمانوں بلکہ ہندوستانی ہندوؤں کے مفاد کے بھی خلاف ہوگا۔