مودی حکومت اپنی ناکامیوں کو پوشیدہ رکھنے وقفہ سوالات سے فرار

   

آپ فرار ہوسکتے ہیں لیکن روپوش نہیں ہوسکتے : این سی پی ۔ وقفہ سوالات کو شامل نہ کرنے حکومت کے فیصلے کو شیوسینا کی تائید

ممبئی : این سی پی نے بی جے پی پر الزام عائد کیاکہ کوویڈ ۔ 19 وباء کا بہانہ تلاش کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے آنے والے مانسون سیشن میں وقفہ سوالات کو منسوخ کررہی ہے۔ مودی حکومت تمام محاذوں پر اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔ این سی پی نے ارکان پارلیمنٹ کے سوالات کو عوام کے سامنے لانے کے لئے دیگر الیکٹرانک ذرائع کا استعمال کرنے کے لئے بھی زور دیا ہے۔ این سی پی کے ترجمان مہیش تپاسے نے الزام عائد کیاکہ بی جے پی اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں وقفہ سوالات کو منسوخ کرنے کا بہانہ تلاش کیا ہے۔ کورونا وائرس وباء کے حوالے سے مودی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپا نہیں سکتی۔ بی جے پی کو چاہئے کہ وہ دیگر الیکٹرانک میڈیا کا بھی استعمال کرے تاکہ ارکان پارلیمنٹ حکومت سے سوال کرسکیں۔ این سی پی کے ایک اور ترجمان نے این ڈی اے حکومت پر شدید تنقید کی۔ اپنے کارٹون کے ذریعہ اُنھوں نے مودی حکومت کو نشانہ بنایا۔ اِس کارٹون میں ایک شخص کو بی جے پی کے انتخابی نشان ’کنول‘ کے ساتھ اس کے ساتھ کے بجائے اسے بتایا گیا جو سوالیہ نشان سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوشش کررہا ہے۔ پارلیمنٹ میں وقفہ سوالات کا نہ ہونا افسوسناک ہے۔ حکومت اپنی ناکامیوں سے فرار ہوسکتی ہے لیکن اِن ناکامیوں کو چھپا نہیں سکتی۔ کارٹون کے ساتھ یہ کیاپشن لکھا گیا ہے۔ لوک سبھا اور راجیہ سبھا سکریٹریٹس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے بموجب پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں کوئی وقفہ سوالات نہیں ہوگا۔ خانگی ارکان کے بلوں کو بھی قبول نہیں کیا جائے گا اور وقفہ صفر کو محدود کیا جائے گا۔

مانسون سیشن کے دوران کوئی وقفہ بھی نہیں دیا جارہا ہے۔ شیوسینا نے پارلیمنٹ میں وقفہ سوالات منسوخ کرنے حکومت کے فیصلہ کی حمایت کی اور کہاکہ یہ فیصلہ ہنگامی صورتحال کے باعث لیا گیا ہے۔ ملک بھر میں کورونا وائرس کی وباء کے باعث ہر ایک کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ حالات کس طرف جارہے ہیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہاکہ حکومت سے سوال کرنے کے لئے دیگر کئی پلیٹ فارمس ہیں۔ ایسی صورتحال میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے کی ضرورت نہیں۔ تمام ارکان کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ ملک میں ایمرجنسی صورتحال پائی جاتی ہے۔ مہاراشٹرا میں بھی ریاستی اسمبلی کا مانسون سیشن صرف دو دن کے لئے منعقد کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ میں وقفہ سوالات منسوخ کرنے پر دیگر کئی اپوزیشن پارٹیوں نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ بعض قائدین نے مودی حکومت پر الزام عائد کیاکہ وہ اپنے اِس فیصلے کے ذریعے کوویڈ ۔ 19 کے نام سے جمہوریت کا قتل کرنے کی کوشش کررہی ہے اور پارلیمنٹ کو محض ایک نوٹس بورڈ بنا رکھا جارہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں راوت نے کہاکہ ہند۔ چین کشیدگی کے پیش نظر فوجی سربراہ ایم ایم نراوانے لداخ روانہ ہوئے ہیں۔