پٹنہ ۔ آر جے ڈی سربراہ اور بہارکے سابق چیف منسٹر لالو یادو نے پارٹی کے یوم تا سیس پر کارکنوں سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے بڑا دعویٰ کیا۔ لالو نے کہا کہ دہلی میں مودی حکومت بہت کمزور ہے۔ یہ حکومت اگست تک گرسکتی ہے۔ اس کے پیش نظر میں تمام پارٹی کارکنوں سے کہتا ہوں کہ وہ الیکشن کے لیے تیار رہیں کیونکہ الیکشن کسی بھی وقت ہو سکتے ہیں۔ آر جے ڈی کے یوم تا سیس کی تقریب میں تیجسوی یادو نے بی جے پی اور نتیش کمار پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں جے ڈی یو نے اپنے نظریہ سے سمجھوتہ کیا۔ آر جے ڈی واحد پارٹی ہے جس نے نہ تو سمجھوتہ کیا اور نہ ہی بی جے پی کے سامنے ہتھیار ڈالے۔ تیجسوی نے کہا کہ اقتدار میں رہنا سب سے بڑی چیز نہیں ہے۔ ہم غریبوں اور محروموں کے لیے لڑ رہے ہیں۔ حال ہی میں ہوئے لوک سبھا انتخابات میں ہمارا ووٹ شیئر9 فیصد بڑھ گیا ہے، جب کہ این ڈی اے کے ووٹ شیئر میں 6 فیصد کمی آئی ہے۔ آرجے ڈی نے 4 سیٹیں جیتی ہیں۔ ہم مزید جیت سکتے تھے تاہم اس الیکشن میں ہمارے اتحاد نے 9 نشستیں حاصل کی ہیں۔ ریاست میں نتیش کمار کی قیادت والی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں کہ ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ تقریباً 20 دنوں میں ایک درجن سے زیادہ پل گرچکے ہیں۔ ریلوے کے کئی حادثات ہو چکے ہیں۔ بہار میں جرائم اپنے عروج پر ہیں۔ پیپر لیک ہورہا ہے۔ اس سب کے باوجود ڈبل انجن والی حکومت کے لوگ لب کشائی سے گریز کررہے ہیں۔