سرحدوں پر نہ کوئی امن ہے نہ سکون، ہمارے علاقوں پر بھی قبضے ہورہے ہیں
نئی دہلی : کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے ملک کی دفاعی صورتحال اور فوجی جوانوں کی قربانیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا اور لکھا ہے کہ موجودہ حالات نہایت ہی نازک ہیں۔ سرحدوں کی کیفیت کا کوئی علم ہے نہ کوئی اطلاع۔ انھوں نے مودی حکومت کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ چین کے تعلق سے اس حکومت نے خاموشی اختیار کرکے ہمارے فوجی جوانوں کی شہادتوں کی توہین کی ہے۔ انھوں نے سوال اٹھایا کہ آخر مودی حکومت ہمارے جوانوں کی قربانی کی توہین کیوں کررہی ہے؟ ہندوستان کے سرحدی علاقوں پر قبضے کئے جارہے ہیں اس پر بھی یہ حکومت خاموش ہے۔ راہول گاندھی نے آج راجیہ سبھا میں چین پر موجودہ حالات کے حوالے سے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے بیان کے فوری بعد یہ ٹوئٹ کیا ہے۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ راہول گاندھی نے اس مسئلہ پر حکومت پر تنقید کی ہے۔ قبل ازیں بھی انھوں نے کئی مرتبہ ودی حکومت کی پالیسیوں خاص کر دفاعی صورتحال پر حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ سرحد پر چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے تعلق سے حکومت کا موقف حقائق کے برعکس ہے۔ ایل اے سی پر صورتحال معمول کی طرف واپس نہیں ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی وزیر دفاع راجناتھ سنگھ آج جمعرات کو پارلیمنٹ میں کہاکہ ہندوستان کا اصل مقصد مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر امن قائم کرنا ہے۔ راہول گاندھی نے ان کی تقریر میں چین کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ چین نے سرحدی علاقوں پر تعمیرات کا عمل جاری رکھا ہے۔ یہ رپورٹ تشویشناک ہے کہ اروناچل پردیش کے ایک موضع میں چین نے تعمیرات شروع کی ہیں جبکہ مودی حکومت قومی سلامتی مسئلہ پر لاپرواہی کا مظاہرہ کررہی ہے۔ انھوں نے مودی کے اس وعدہ کو یاد دلایا کہ مودی نے کہ تھا کہ دیش جھکنے نہیں دوں گا۔