مودی حکومت سے کمزور طبقات اور اقلیتوں کے تحفظات کو خطرہ

   

اپوزیشن حکومتوں کو ہراساں کرنے کی کوشش، سابق ایم ایل سی دلیپ کمار کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 9۔ مئی (سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کی الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے کنوینر کے دلیپ کمار سابق ایم ایل سی اور سابق وزیر شریمتی پشپا لیلا نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی جمہوریت کو ڈکٹیٹرشپ میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کو جمہوری طور پر منتخب حکومتوں کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دلیپ کمار نے کہا کہ اپوزیشن حکومتوں کے خلاف ویجلنس ، سی بی آئی ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور انکم ٹیکس کو استعمال کرتے ہوئے ہراساں کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنقریب مرکز میں نریندر مودی حکومت زوال سے دوچار ہوگی اور کانگریس پارٹی برسر اقتدار آئے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ بی جے پی کو ملک بھر میں سبق سکھائیں تاکہ ملک میں دستور اور جمہوریت کا تحفظ ہو۔ دلیپ کمار اور پشپا لیلا نے کہا کہ تلنگانہ میں 14 لوک سبھا حلقوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ پشپا لیلا نے کہا کہ نریندر مودی تلنگانہ عوام کے دشمن ہیں اور وہ انتخابی مہم کو مذہبی رنگ دینا چاہتے ہیں ۔ پشپا لیلا نے کہاکہ ملک میں نفرت کی سیاست اور مودی کی اشتعال انگیزی کو روکنے کیلئے ملک بھر میں کانگریس کی تائید کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسر اقتدار آنے پر نہ صرف دستور ختم ہوجائے گا بلکہ ایس سی ، ایس ٹی اور اقلیتوں کے تحفظات ختم کردیئے جائیں گے۔ 1

کانگریس مینجمنٹ کمیٹی کے قائدین نے کہا کہ دستور ہند نے ریاستوں اور مرکز کے لئے مختلف خدمات کا تعین کیا ہے لیکن مودی حکومت ریاستوں کے امور میں مداخلت کر رہی ہے۔ 1