نئی دہلی: ملک میں لگاتار پیش آ رہے ریل حادثات پر کانگریس پارٹی نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ مودی حکومت ریلوے حادثات کو روکنے میں کامیاب نہیں ہو رہی ہے اور اس کا نتیجہ یہ ہے کہ گزشتہ چار مہینوں میں 55 ریلوے حادثات میں کئی لوگوں کی جانیں گئی ہیں اور کئی لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ دریں اثنا، پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی ریل حادثات پر رد عمل ظاہر کیا۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ایکس پر لکھا کہ ملک میں ٹرین حادثات کو اس قدر عام بنا دیا گیا ہے کہ یکے بعد دیگرے پیش آ رہے ٹرین حادثات کے باوجود حکومت کی طرف سے نہ تو کوئی جوابدہی طے کی جا رہی ہے اور نہ ہی کوئی کارروائی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے کروڑوں عام لوگ خوف اور افراتفری کے پہیوں پر چلنے والی ٹرینوں میں اپنی جان ہتھیلی پر لیکر کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ حکومت نے محفوظ ٹرین سفر کی ذمہ داری سے منہ موڑ لیا ہے۔ تمل ناڈو میں میسور۔دربھنگا ایکسپریس کے ساتھ ایک بار پھر بالاسور اڈیشہ جیسا حادثہ پیش آیا۔ مہینوں سے جاری یہ سلسلہ کب رکے گا؟ کب جوابدہی طے ہوگی؟ وہیں، کانگریس پارٹی نے اپنے آفیشل ایکس پیج پر لکھا کہ مودی حکومت میں ہر ماہ 11 ٹرین حادثے ہوتے ہیں۔ اس حکومت کے 126 دنوں میں 55 حادثات ہوئے ہیں۔
جن میں 21 افراد ہلاک اور 131 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔