مودی حکومت میں ہند۔پاک سیریزناممکن :آفریدی

   

کراچی۔13 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی جو ان دنوں کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی مدد میں مصروف ہیں لیکن اس دوران انہوں نے مودی حکومت پر شدید تنقید بھی کردی ہے۔ دراصل شاہد آفریدی سے ہندوستان ۔ پاکستان سیریزکے امکانات پر ایک سوال پوچھا گیا، جس کے جواب میں انہوں نے جواب دیا کہ جب تک ہندوستان میں مودی حکومت ہے، تب تک ہندوستان ۔ پاکستان کے درمیان میچ نہیں ہوسکتے۔واضح رہیکہ پاکستان کے سابق فاسٹ بولر شعیب اخترنے کورونا وائرس متاثرین کی اقتصادی مدد کیلئے ہندوستان ۔ پاکستان کے درمیان کرکٹ سیریزکرانے کی تجویز پیش کی تھی، جس پر آفریدی نے بھی ردعمل ظاہرکیا۔ آفریدی نے مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہندوستان کیخلاف کھیلناچاہتے ہیں، لیکن ان حالات میں یہ مشکل ہے کیونکہ ہندوستان میں مودی حکومت ہے۔ مودی حکومت کی طرف سے منفی رویہ سامنے آجاتا ہے۔ پاکستان ہمیشہ کرکٹ کھیلنے کیلئے مثبت رخ اختیارکرتا ہے لیکن ایک قدم ہندوستان کو بھی آنا ہوگا۔ واضح رہیکہ شاہد آفریدی پہلے بھی مودی حکومت کیخلاف ایسے ہی بیان دے چکے ہیں۔ اس موضوع پر ہندوستانی حکومت کا واضح بیان ہیکہ جب تک پاکستان اپنی زمین سے دہشت گردی کو بند نہیں کرتا، تب تک اس کے ساتھ کوئی کرکٹ سیریز نہیں کھیلی جائیگی۔واضح رہیکہ شعیب اختر نے بھی کہا تھا کہ یہ ایک ایسا وقت ہے، جب ہم سب کو ساتھ رہنے کی ضرورت ہے۔ لوگوں کیلئے فنڈ جمع کرنے کا وقت ہے۔ ہند پاکستان کے میچ سے زیادہ کمائی ہوسکے گی۔ شعیب اخترکی اس تجویز کو ہندوستان کے سابق کپتان کپل دیو نے مسترد کردیا ۔ کپل دیو نے کہا کہ ہندوستان کو پیسہ جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہے ہندوستان کے پاس پہلے سے ہی کافی پیسہ ہے۔ شعیب اختر نے اس کے بعد جواب دیا کہ کپل دیو کو پیسے کی ضرورت نہیں، لیکن دوسرے لوگوں کو ہے۔