اٹاوہ 10 مارچ (یواین آئی) آل انڈیا کسان سبھا کے قومی صدر ڈاکٹر اشوک دھولے نے مرکزی حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے ہیں۔ ڈاکٹر دھولے منگل کو اٹاوہ کے نگلا ڈھکاؤ میں امرشہیدوں کی تعزیتی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے پرانے دوست ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملے اور وہاں کے اعلیٰ رہنما سمیت سیکڑوں لوگوں کی ہلاکت پر بھی بھارتی حکومت خاموش ہے اور اس کی مذمت تک نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ جنگ فوراً بند ہونی چاہیے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت کی پالیسیاں کسان اور مزدور مخالف اورکارپوریٹ حامی ہیں۔ حکومت لیبرقوانین میں تبدیلی کر کے مزدوروں کو مالکان کا غلام بنانے کی کوشش کر رہی ہے جبکہ بجلی کی نجکاری سے کسانوں اور عام لوگوں پر مہنگی بجلی کا بوجھ بڑھ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے سے ملک کی زراعت کارپوریٹ کے ہاتھوں میں چلی جائے گی۔ ڈاکٹر دھولے نے الزام لگایا کہ بیج بل کے ذریعے کسانوں کے روایتی بیج ختم کر کے انہیں مہنگے کارپوریٹ بیج خریدنے پر مجبور کیا جائے گا۔