کسان ملک کی ریڑھ کی ہڈی، جنوبی ہند اہم ترین علاقہ، راہول گاندھی کا دورۂ ٹاملناڈو
چینائی : کانگریس رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی ریاست ٹاملناڈو کا دورہ کرتے ہوئے یہاں منائی جانے والی پونگل تقریب میں شرکت کی اور جلی کٹو کا مشاہدہ کیا۔ اِس موقع پر پارٹی کیڈر سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی نے مودی حکومت پر تنقید کی اور کہاکہ زرعی قوانین لاکر مودی حکومت نے اپنے دوستوں کو فائدہ پہنچایا ہے۔ زرعی قوانین کے ذریعہ مودی حکومت کسانوں کو تباہ کرنے کی سازش رچائی ہے۔ یہ حکومت نہ صرف کسانوں کو نظرانداز کررہی ہے بلکہ انھیں تباہ کرنے کی بھی سازش کررہی ہے کیوں کہ وہ چاہتی ہے کہ اِس کے دو یا تین دوستوں کو فائدہ ہو۔ اِن دوستوں کی خاطر ملک کو معاشی تباہی کی طرف لیجایا جارہا ہے۔ اِس ملک کے کسان ہندوستان کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ اگر کوئی سوچ سکتا ہے کہ کسانوں کو دبایا جاسکتا ہے تو یہ غلط ہے۔ اِس ملک کی ترقی میں کسانوں کا بڑا حصہ ہے۔ ہمیں اپنی تاریخ پر نظر ڈالنی ہوگی، تب پتہ چلے گا کہ کسانوں نے ملک کی ترقی میں اہم رول ادا کیا ہے۔ جب کبھی ہندوستانی کسانوں کو کمزور بنانے کی کوشش کی گئی اِس سے ہندوستان ہی کمزور ہوگیا۔ انھوں نے مدورائی میں کہاکہ مودی حکومت اپنے مقاصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوسکتی۔ اُنھوں نے ٹامل کلچر کی ستائش کی۔ قبل ازیں انھوں نے جلی کٹو تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہاکہ جنوبی ریاست کی زبان اور ترقی ہندوستان کے مستقبل کے لئے اہم ہے۔ مجھے ٹاملناڈو کے عوام کی طرف سے والہانہ محبت ملی ہے۔ یہ میرا فرض ہے کہ مَیں اِس نازک گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑا رہوں اور ان کی تاریخ، ثقافت اور زبان کا تحفظ کروں۔ میں یہاں یہ سوچ کر آیا کہ ٹاملناڈو کا کلچر، زبان اور تاریخ ہندوستان کے مستقبل کے لئے ضروری ہے، اِس کے احترام کی ضرورت ہے۔ میں یہاں پر ایک پیام دینے کے لئے آیا ہوں اُن لوگوں کے لئے جو یہ سوچتے ہیں کہ ٹاملناڈو کے عوام پر غالب آجائیں گے۔ ٹامل زبان اور ٹامل کلچر کو پیچھے ڈھکیل دیں گے۔ راہول گاندھی کا دورۂ ٹاملناڈو ریاستی کانگریس کو سیاسی طور پر مضبوط بنانے کی کوشش ہے۔ یہاں پر آئندہ سال اپریل اور مئی کے درمیان اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ کانگریس کے ریاستی صدر کے ایس الاگری نے کہاکہ راہول گاندھی نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کی اخلاقی تائید کررہے ہیں۔ راہول گاندھی نے کہاکہ ٹاملناڈو میں جلی کٹو تقریب کسانوں کی فتح اور نصرت کی علامت ہے، یہ اِن کی زندگیوں کا اہم حصہ ہے۔ الیگری نے کہاکہ راہول گاندھی نے یہاں پہونچ کر کسانوں کو عزت بخشی ہے اور ٹاملناڈو کی تاریخی ثقافت کو خراج پیش کیا ہے۔
راہول گاندھی کے دورۂ ٹاملناڈو پر
بی جے پی کی تنقید
چینائی : بھارتیہ جنتا پارٹی نے راہول گاندھی کے دورۂ ٹاملناڈو پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس دوہرا معیار رکھتی ہے۔ پارٹی نے حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ 2016ء میں کانگریس نے جلی کٹو کی مخالفت کی تھی اور 2016 ء ٹاملناڈو انتخابات کے منشور میں اِس نے جلی کٹو پر پابندی کا عہد کیا تھا۔ اب راہول گاندھی نے خود اِس تقریب میں حصہ لے کر اپنا دوہرا معیار ظاہر کیا ہے۔ راہول نے کسانوں کے احتجاج کے دوران 60 کسانوں کی موت کے لئے مرکزی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا اور کہا تھا کہ کانگریس پارٹی مرکزی حکومت کے خلاف کسانوں کی جانب سے نکالی جانے والی 26جنوری کی ٹریکٹر ریالی میں حصہ لے گی۔