اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت یقینی، پارٹی کے جے کے یونٹ صدر رویندر رینا کی میڈیا سے بات چیت
جموں: بھارتیہ جنتاپارٹی کے جموں وکشمیر یونٹ کے صدر رویندر رینا نے کہاکہ گزشتہ دس برسوں کے دوران وزیر اعظم نریندرمودی کی سربراہی میں مرکزی زیر انتظام علاقے میں امن ، شانتی اور بھائی چارہ مضبوط ہوا ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت یقینی ہے ۔ان باتوں کا اظہار موصوف نے یہاں میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے حوالے سے بھاجپا نے تمام تر تیاریاں شروع کی ہیں۔رویندر رینا کے مطابق پارلیمانی چناو میں جموں وکشمیر میں ریکارڈ ووٹنگ درج ہوئی اور ہمیں پورا یقین ہے کہ اسمبلی انتخابات میں ماضی کے سبھی ریکار ڈ ٹوٹ جائیں گے ۔انہوں نے کہا :‘گزشتہ دس برسوں کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کی سربراہی میں جموں وکشمیر میں امن ، شانتی اور خوشحالی واپس لوٹ آئی جبکہ مرکزی وزیر انتظام علاقے میں تعمیر وترقی کا جال بھی بچھایا گیا۔’ان کے مطابق اسمبلی انتخابات میں لوگ بی جے پی کے حق میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے اور ہمیں پوری امید ہے کہ بھاجپا حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی۔رویندر رینا کا مزید کہنا تھاکہ بی جے پی کے کارکن اس وقت گھر گھر الیکشن مہم چلا رہے ہیں اور لوگوں کو بھاجپا امیدواروں کے حق میں ووٹ کاسٹ کرنے پر زور دیا جارہا ہے ۔ان کے مطابق گزشتہ دس برسوں کے دوران مرکزی سرکار نے جموں وکشمیر میں تعمیر وترقی کا جال بچھانے ، لوگوں کے مسائل حل کرنے کی خاطر زمینی سطح پر کام کیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ بی جے پی ڈیلی ویجروں کی نوکریاں مستقل کرنے کے وعدے پر کاربند ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں امن و امان کے قیام کی خاطر بی جے پی کی قیادت والی مرکزی سرکار نے زمینی سطح پر اقدامات اٹھائیں اور آج کشمیرمیں پوری طرح سے امن واپس لوٹ آیا ہے اور لوگ بھی آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں۔
لائن آف کنٹرول پر فوج چوکس
سری نگر: جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر فوج کی تعیناتی بڑھائی گئی ہے ۔معلوم ہوا ہے کہ حد متارکہ پر تعینات افواج کو چوبیس گھنٹے متحرک رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر لائن آف کنٹرول پر اضافی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ دراندازی کے واقعات میں حالیہ دنوں کے دوران غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے جس کے پیش نظر سرحد وں پر فوج کو مستعد رہنے کا حکم دیا گیا ہے ۔