چین کے تعلق سے حکومت کا گمراہ کن موقف : راہول
نئی دہلی : کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کورونا وائرس اور معیشت کے حوالہ سے مودی حکومت پر لگاتار حملہ آور ہیں ۔ چہارشنبہ کے روز ایک بار پھر انہوں نے اس جان لیوا وائرس سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامیوں کو نشانہ بنایا۔وائناڈ کے ممبر پارلیمنٹ مسٹر گاندھی نے آج کہا کہ حکومت نے ایک سے ایک خیالی پلا ؤ بنائے جن میں سے صرف ایک ہی سچ ثابت ہوا۔انہوں نے ٹوئٹ کیا ‘‘کورونا دور میں بی جے پی حکومت نے ایک سے ایک خیالی پلاؤ پکائے ’’21 دن میں کورونا کو ہرائیں گے، آروگیہ سیتو ایپ حفاظت کرے گا،20 لاکھ کروڑ کا پیکیج ، خود انحصار( آتم نربھر) بنو ، سرحد میں کوئی داخل نہیں ہوا ، حالات کنٹرول میں ہے ۔لیکن ایک حقیقت یہ بھی تھی: ’’آفات میں مواقع۔’’ ہیش ٹیگ پی ایم کیئرز‘‘۔ اسی دوران راہول گاندھی نے ہند ۔ چین کشیدگی کے تعلق سے سوال کیا کہ آیا مودی حکومت ہندوستانی فوج کے ساتھ ہے یا چین کے ساتھ ہے کیونکہ مملکتی وزیرداخلہ نتیانند رائے نے گذشتہ 6 ماہ کے دوران ہند ۔ چین سرحد پر کسی بھی دراندازی کی تردید کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کسی نے بھی سرحد عبور نہیں کیا اس کے بعد انہوں نے چین کے بنک سے بھاری قرض حاصل کیا۔ اس کے بعد وزیردفاع نے کہا کہ چین نے ہماری زمین پر قبضہ کرلیا ہے۔ آخر مودی حکومت کا یہ کیا تماشہ ہے۔