دفعہ 370 کو حذف کرنے کی مذمت ۔ سی پی آئی قائدین سدھاکر ریڈی و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔5اگست(سیاست نیوز) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے لیڈر ایس سدھاکر ریڈی نے جموں کشمیر کو خصوصی درجہ فراہم کرنے والے دفعہ 370اور 35اے کو ختم کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی حکومت نے کشمیری عوام کو خصوصی موقف ہی کو ختم نہیںکیابلکہ انہوں نے دستور میں ترمیم کیلئے راہ ہموار کی ہے۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سدھاکر ریڈی نے کہاکہ 1956 میں صدارتی احکامات کے ذریعہ دفعہ 370اوراس کے تحت 35اے کے ذریعہ کشمیری عوام کو خصوصی موقف فراہم کیاگیاتھا ۔ انہوں نے کہاکہ مذکورہ آرٹیکل نہ صرف کشمیر ی تہذیب کی حفاظت میںمعاون تھا بلکہ ریاست کے قدرتی وسائل پر کشمیری عوام کے حق کی بھی نمائندگی کرتا تھا ۔ سدھاکر ریڈی نے آرٹیکل 35اے کے تحت کشمیری عوام کو فراہم کئے جانے والے مراعات اورتحفظات کی طویل فہرست بھی پیش کی اورکہاکہ مودی حکومت نے جس منشا کے ساتھ اس کو ختم کیاہے وہ تشویش ناک ہے۔سدھاکر ریڈی نے کہاکہ سی پی آئی مودی حکومت کے اس اقدام کی سختی سے مذمت کرتی ہے ۔ سینئر کمیونسٹ قائد و قومی صدر تنظیم انصاف جناب سید عزیز پاشاہ نے مرکزی حکومت کے اس اقدام کو علیحدگی پسندوں کیلئے کشمیری عوام کو بھڑکانے کا موقع قراردیا ۔انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کو ہندوستان کی جمہوریت پر کافی بھروسہ تھا مگر مرکزی حکومت کے اس اقدام کے بعد ان کا بھروسہ ختم ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت طاقت کی بنیاد پر کشمیری عوام کے حقوق سلب کرنے کی جو کوشش کررہی ہے اس میں وہ ناکام ہوجائے گی ۔ عزیز پاشاہ نے کہاکہ 38ہزار سے زائد مسلح افواج کو وادی میں جھونک کر مودی حکومت جموں کشمیر کی عوام پر اپنا قانون نافد کرنے کی کوشش کررہی ہے جس میںاس کو کامیابی نہیںمل سکتی ۔ سی پی آئی تلنگانہ اسٹیٹ جنرل سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے بھی آرٹیکل 35اے کی منسوخی کے ذریعہ دستور ہند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوشش کا مودی حکومت پر الزام عائد کیا۔
