مودی حکومت نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ کیوں نہیں دیا؟ کجریوال

,

   

نئی دہلی، 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی پر حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ آخر انہوں نے دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ کیوں نہیں دیا اور اگر ایسا ہوگیا ہوتا تو دارالحکومت کے لوگوں کے کئی مسائل حل ہوگئے ہوتے ۔اروند کجریوال نے یہاں پریس کانفرنس کو خطاب کرتے ہوئے سوال کیا کہ دہلی کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کی سمت میں آخر وزیر اعظم نے کوئی قدم کیوں نہیں اٹھایا۔ اگر ایسا ہوگیا ہوتا تو اس سے یہاں کے لوگوں کے بہت سارے مسائل کا حل ہوجاتا۔ دارالحکومت میں جاری سیلنگ کے معاملے پر انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں وزیر اعظم کو جواب دینا چاہئے کہ آخر حکمراں جماعت نے کیوں سیلنگ مہم شروع کی جس سے چھوٹے کاروباریوں کا ذریعہ معاش متاثر ہوگیا ہے ۔اروند کجریوال نے راجدھانی میں غیر قانونی بستیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر سیاسی جماعت نے ان کو نظر انداز کیا اور انہیں صرف ووٹ بینک کی طرح استعمال کیا ہے اور ان کی ترقی کے لئے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔انہوں نے کہا کہ ‘اب ان پارٹیوں کا منصوبہ انہیں گراکر اس زمین کو پرائیوٹ بلڈروں کو سونپنے کا ہے لیکن جب تک کیجریوال زندہ ہے تب تک کوئی بھی ان کالونیوں کے ایک بھی گھر کو ہاتھ نہیں لگاسکتا ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ پارلیمنٹ میں لوگوں کی نمائندگی کرنے والے عام آدمی پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ ان کالونیوں کے لوگوں کی آواز کو موثر طریقے سے اٹھائیں گے تاکہ ہر کوئی ان کے مسائل سے آگاہ ہوسکے ۔اروند کجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا کہ اب انہیں بتادینا چاہئے کہ پاکستان کے ساتھ ان کا کیا تعلق ہے ۔ اس سے پہلے مسٹر کیجریوال نے مسٹر مودی پر پاکستان کے ساتھ تعلقات رکھنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان بھی چاہتے ہیں کہ مسٹر مودی کو دوبارہ ہندوستان کا وزیر اعظم بننا چاہئے ۔