رانچی، 25 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کے ایگزیکٹیو چیئرمین اور اپوزیشن لیڈر ہیمنت سورین نے ‘پردھان منتری کسان سمان ندھی’اسکیم کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس کے ذریعہ کسانوں کو عزت دینے کی بجائے انہیں 17 روپے کا بندھوا مزدور بنا دیا ہے ۔مسٹر مودی نے کل اترپردیش کے گورکھپور سے ‘پردھان منتری کسان سمان ندھی’ منصوبہ کا آغاز کیا ہے اور اس دوران ان کے بٹن دباتے ہی لاکھوں کسانوں کے اکاؤنٹ میں اس منصوبہ کی پہلی قسط 2000 روپے پہنچ گئے ۔ اس منصوبہ کے تحت پانچ ایکڑ تک زمین والے کسانوں کو ہر سال 6000 روپے دیے جائیں گے ۔ اس پر اپوزیشن لیڈر مسٹر سورین نے ٹوئٹ کرکے کہا‘‘ وزیر اعظم نے ملک کے تقریبا 12 کروڑ کسانوں کو 17 روپے کا بندھوا مزدور بنا دیا۔ یہ کسانوں کی عزت نہیں بلکہ توہین ہے ۔