مودی حکومت پر قومی سلامتی کے استحصال کا الزام

   

ناکامیوں اورجھوٹ سے عوام کی توجہ ہٹانے کی مذمت ،کانگریس ورکنگ کمیٹی کی قرارداد
احمدآباد ۔12مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج وزیراعظم نریندرمودی پر الزام عائدکیا کہ وہ اپنے مسلسل جھوٹ اور بدترین ناکامیوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے قومی سلامتی کے مسئلہ کا ناپاک انداز میں استحصال کررہے ہیں اور عہد کیا کہ عوام کو مزید بیوقوف بنانے کی مودی حکومت کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔ نریندر مودی کی آبائی ریاست گجرات سے عوام کو ایک طاقتور پیغام دیتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ وہ پوری انکساری کے ساتھ عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ لوک سبھا انتخابات میں تبدیلی کو ایک موقع دیا جائے تاکہ بہتر حکمرانی فراہم کی جاسکے اور بی جے پی حکومت کی طرف سے ملک اور معیشت کو پہنچائے گئے نقصانات کا ازالہ کیا جاسکے ۔ کانگریس کے صدر راہول گاندھی کی صدارت میں منعقدہ اس پارٹی کے اعلیٰ ترین پالیسی ساز ادارہ کانگریس ورکنگ کمیٹی ( سی ڈبلیو ڈی ) کے اجلاس میں منطورہ قرارداد میں وزیراعظم کو سخت ترین تنقید کانشانہ بنایا گیا ۔ اس اجلاس میں یو پی اے کی صدرنشین سونیا گاندھی ، سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اور سینئر قائدین احمد پٹیل اور غلام نبی آزاد کے علاوہ کانگریس کی نئی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی شرکت کی ۔ کانگریس نے تمام جمہوری اور ترقی پذیر طاقتوں پرزور دیا کہ وہ بی جے پی حکومت کو بے نقاب کرنے کی انتھک جدوجہد میں شامل ہوجائیں ۔