کام کے اوقات کو 8 کے بجائے 12 گھنٹے میں تبدیل کرنا انتہائی سنگ دلی، نارائن پیٹ میں ٹریڈ یونین قائدین کا خطاب
نارائن پیٹ : نارائن پیٹ ضلع مستقر پر کانفیڈریشن آف انڈین ٹریڈ یونین (IFTU) کی جانب سے مئی ڈے کے موقع پر دفتر مجلس بلدیہ کے قریب پرچم کشائی انجام دی گئی۔ اس موقع پر آئی ایف ٹی یو کے ضلعی صدر مسٹر نارائن کرن نے کہاکہ مئی ڈے کے موقع پر مزدور شہداء کے لافانی جذبے اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے مزدوروں کے حقوق کے لئے ہمیشہ جدوجہد جاری رکھنے کا ہم عہد کرتے ہیں۔ اس پروگرام کی نگرانی تلنگانہ پروگریسیو میونسپل ورکرس یونین کے ضلعی صدر کرشنا نے کی جبکہ آئی ایف ٹی یو کے ضلعی صدر یاس کرن، اے آئی کے ایم ایس ضلع نائب صدر بھاگونتو، وکیل دتاتریہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محنت کش طبقہ نے دن میں 8 گھنٹے کام کرتے ہیں۔ انھوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ نریندر مودی حکومت آج نہ صرف انتخابی وعدوں کو نظرانداز کررہی ہے بلکہ کارپوریٹ کمپنیوں کی حمایت کرتے ہوئے مزدوروں کا استحصال کررہی ہے۔ انھوں نے مزدوروں کے 8 گھنٹے کام کی حمایت کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی حکومت مزدور قوانین میں ترمیم کے نام پر ٹریڈ یونینوں کو کمزور کرنے کی سازش کررہی ہے۔ مزدوروں کو بے یار و مددگار چھوڑ کر کورونا کے بہانے لاک ڈاؤن کے ذریعہ لاکھوں مزدوروں کو بھوک مری کیلئے چھوڑ دیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ مزدوروں کو 8 گھنٹے کام کے بجائے 12 گھنٹے کام کے دن میں تبدیل کرنا انتہائی سنگ دلی ہے۔ حکومت مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم کررہی ہے۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ مزدور اب جاگ گئے ہیں۔ اب کسانوں اور مزدوروں کو زیادہ دن دھوکہ نہیں دیا جاسکتا۔ اس موقع پر ٹریڈ یونینوں کے صدور، سکریٹری اور دیگر موجود تھے۔
