یاسیت پسند افراد سے خبردار رہنے کا وزیراعظم کا عوام کو مشورہ
وارناسی۔ 6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہفتہ کے دن وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت کے مالی سال 2019-20ء کے بجٹ میں پانچ سال کے اندر ملک کی معیشت کے حجم کو فی کس آمدنی میں اضافی، صرفہ اور پیداواری صلاحیت کو بڑھاکر تقریباً دوگنا یعنی 5 ٹریلین امریکی ڈالر تک پہنچانے کا روڈ میاپ تیار کیا ہے۔ نریندر مودی نے یہاں اپنی پارٹی کی رکنیت سازی کی مہم کی شروعات کے موقع پر یہ بات کہی۔ انہوں نے ملک کو پیشہ ور مایوس افراد کے خلاف چوکنا کیا جو اپنی عادت سے مجبور مقررہ ہدف کی تکمیل کا حل فراہم کرنے کے بجائے نکتہ چینی کیا کرتے ہیں۔ انہوں نے عالمی مثالیں دے کر بتایا کہ بعض ممالک نے فی کس آمدنی کی اساس پر مینڈک کی طرح چھلانگ لگاکر ترقی پذیر سے ترقی یافتہ ملک کا مقام حاصل کرلیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہندوستان خود بھی ایسا کرسکتا ہے۔ ہندوستان کا ہدف کوئی مشکل نہیں ہے، جب فی کس آمدنی بڑھے گی تو صارفین کی قوت خرید کو بھی تقویت حاصل ہوگی جس سے ’’طلب‘‘ میں اضافہ ہوگا۔ ’’طلب‘‘ کو پورا کرنے کیلئے پیداواری صلاحیت بڑھے گی اور بچت کو وسعت حاصل ہوجائے گی جہاں وسائل اور ذرائع پر نکتہ چینی کرنا یا اس پر بحث مباحث کرنا اور 5 ٹریلین ڈالر کے نشانہ کے حصول کے تعلق سے سوال کرنا غلط ہے، وہیں ملک کو ایسے ’’یاسیت پسند‘‘ لوگوں سے خبردار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو پیش کردہ بجٹ میں مختلف شعبہ جات کی تخصیصات کا اعلان نہیں کیا گیا ہے، لیکن 5 ٹریلین ڈالر کی معیشت کے حصول کے راستے کا تعین کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک، اجناس کی پیداوار میں خودکفیل ہوچکا ہے اور اب بجٹ میں کسانوں کو اپنی زرعی اشیاء برآمد کرنے کے قابل بنانے پر زور دیا جارہا ہے۔ اس کیلئے غذائی اشیاء کو کارآمد بنانے کیلئے درکار اشیاء کی سرمایہ کاری کو بڑھا دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی اشیاء کی برآمد کیلئے ہم ایک برآمداتی پالیسی تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر اساسی ڈھانچوں کے بغیر معیشت کو مہمیز نہیں لگ سکتا۔ انہوں نے بتایا کہ ملک کے مختلف شہروں میں قومی شاہراہوں، ریلوے، آبی راستوں پر عصری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پانچ سال میں اس کیلئے 100 لاکھ کروڑ روپئے مختص کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کفایتی گھروں پر مزید 1.5 لاکھ روپیوں کے انکم ٹیکس کی رعایت فراہم کی گئی ہے جس سے ہاؤزنگ شعبہ کو فروغ حاصل ہوگا۔