وزارتی گروپ کی تشکیل ، جھوٹی خبروں اور بیانات پر کارروائی :وزیر آئی ٹی روی شنکر پرساد
نئی دہلی : مودی حکومت کے خلاف منفی پروپگنڈہ کو روکنے کیلئے وزارتی گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔ سوشیل میڈیا پر پھیلائے جارہے 50 منفی اور 50 مثبت مواد کا پتہ چلانے کے بشمول کئی ایک اقدامات کئے جائیں گے۔ وزارتی گروپ سوشیل میڈیا کا جائزہ لیتے ہوئے عوام کے اندر مودی حکومت کے خلاف پیدا کی جارہی بدگمانیوں کو روکا جائے گا۔ حقائق کے بغیر ہی حکومت کے خلاف بیان بازی کی جارہی ہے۔ جھوٹے بیانات دیئے جارہے ہیں اور جھوٹی خبروں کو پھیلایا جارہا ہے۔ مرکزی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی روی شنکر پرساد، خواتین و اطفال کی وزیر سمرتی ایرانی، وزیر اطلاعات و نشریات پرکاش جاؤڈیکر، وزیر خارجہ جئے شنکر، وزیر اقلیتی اُمور مختار عباس نقوی، وزیر اسپورٹس کرن رجیجو، مملکتی وزیر فینانس انوراگ ٹھاکر، مملکتی وزیر ماحولیات بابل سپریو اس وزارت گروپ میں شامل ہوں گے۔ گزشتہ سال 14 جون اور 9 جولائی کے درمیان 6 مرتبہ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مودی حکومت کے خلاف پھیلائی جارہی جھوٹی خبروں کا جائزہ لیا گیا تھا۔ اس مرتبہ باقاعدہ وزارتی گروپ تشکیل دیتے ہوئے میڈیا گھرانوں کے افراد اور اہم شخصیتوں کی فہرست تیار کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔ قومی اور عالمی سطح پر اس طرح کے نامور ماہرین تعلیم، وائس چانسلرس، ریٹائرڈ انڈین فارن سرویس آفیسرس کی خدمات بھی حاصل کی جائے گی۔ ملک اور بیرون ملک مودی حکومت کو بدنام کرنے کی سازشوں کا بھی پتہ چلایا جائے گا۔ مختار عباس نقوی نے کہا کہ جو لوگ حکومت کے خلاف لکھتے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ حقائق کے بغیر حکومت کے خلاف لکھنے والے لوگ منفی سوچ رکھتے ہیں۔ وزارت گروپ نے کئی سفارشات پیش کی ہیں اور کہا ہے کہ پرسار بھارتی نیوز سرویس کو وسعت دی جائے۔