مودی حکومت کی این جی اوز پر بڑھتی نگرانی، ایمنسٹی کے کئی دفاتر بند

   

بنگلورو، 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سنٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن ’سی بی آئی‘ نے انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم غیرسرکاری تنظیم (این جی او) ایمنسٹی انٹرنیشنل کے ہندوستان میں قائم متعدد دفاتر پر چھاپے مارے ہیں۔ سی بی آئی نے اس بین الاقوامی تنظیم پر غیر ملکی امداد کے قوانین کی مبینہ خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے یہ کارروائی کی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے بیان کے مطابق سی بی آئی نے جمعہ 15 نومبر کو جنوبی ہند کے شہر بنگلورو میں’ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا پرائیوٹ لمیٹڈ‘ اور ’ایمنسٹی انٹرنینشنل ٹرسٹ‘ کے دفاتر میں چھاپے مارنے کے بعد ان کی تلاشی لی۔ خبر رساں ادارہ روئٹرز نے سی بی آئی کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انسانی حقوق کی تنظیم کے خلاف یہ کارروائی وزارت داخلہ ہند کی شکایت کے بعد کی گئی۔ سی بی آئی کے مطابق ہندوستان میں ’ ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا‘ نے’ایمنسٹی انٹرنیشنل برطانیہ‘ سے مالی تعاون حاصل کر کے فارن کنٹریبیوشن (ریگولیشن) ایکٹ 2010 ء اور انڈین پینل کوڈ کی مبینہ خلاف ورزی کی ہے۔ انسانی حقوق کی اس تنظیم نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے ’ایمنسٹی انٹرنیشنل انڈیا‘ جب بھی انڈیا میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کرتی ہے تو اس کو ہراساں کرنے کا کوئی نہ کوئی نیا طریقہ سامنے آجاتا ہے۔ رواں برس اگست میں دہلی حکومت کی جانب سے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت منسوخ کرنے کے بعد سے ایمنسٹی انٹرنیشنل نے مودی انتظامیہ پر اس علاقے میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا تھا۔ مودی حکومت کو برطانوی مصنف آتش تاثیر کی ہندوستانی شہریت کی منسوخی کے فیصلے کے بعد سے بھی شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے سرگرم عمل تنظیم نے اس حوالے سے مودی حکومت پر جنسی، نسلی اور قومی پس منظر کی بنیاد پر امتیازی سلوک کا الزام لگایا تھا۔ 2014 ء میں نریندر مودی نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ سنبھالا تھا، جس کے بعد سے ہی ملک میں غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) پر نگرانی سخت کر دی گئی اور غیر ملکی فنڈنگ وصول کرنے کی وجہ سے ہزاروں تنظیموں کے لائسنس بھی منسوخ کر دیئے گئے۔ 2018ء میں مالی جرائم کی تفتیش کرنے والی ایجنسی ’انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ‘ نے گرین پیس انڈیا نامی غیر سرکاری تنظیم کے اکاؤنٹ بھی منجمد کردیئے تھے۔ اسی تناظر میں گزشتہ برس ایمنسٹی انٹرنیشنل کے خلاف بھی اسی ایجنسی نے کارروائی کی تھی۔ ایمنسٹی نے دعویٰ کیاہے کہ اسے سیاسی وجوہات کی بناء نشانہ بنایا جارہا ہے جبکہ وہ انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی تنظیم ہے۔ ایمنسٹی نے خصوصیت سے موجودہ حکومت ہند کے رویہ پر اعتراض کیا ہے۔