تمام دلکش نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے۔ کانگریس نے مودی حکومت کے ’آٹھ سال کے آٹھ فریب‘ پر کتابچہ شائع کیا
نئی دہلی: کانگریس نے کہا ہے کہ آٹھ سال قبل دلکش نعروں کے ساتھ اقتدار میں آنے والی مودی حکومت کے تمام نعرے کھوکھلے ثابت ہوئے ہیں اور بڑے بڑے خواب دکھا کراس نے ملک کے عوام کوصرف دھوکہ دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر ترجمان اجے ماکن اور کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے مودی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے پر جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ آٹھ سال میں اچھے دن کا سب سے بڑا اور سب سے مقبول وعدہ تھا لیکن صحیح بات یہ ہے کہ اس دوران اچھے دن 3,4 صنعتکاروں، بینک کولوٹ کر بھاگنے والے اوران 140 لوگوں کے آئے جن کی آمدنی کورونا میں کئی گنا بڑھ گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حیرت کی بات ہے کہ مودی حکومت کے 8 سال کے دوران 60 لاکھ چھوٹی صنعتیں تالابندی کے دہانے پر پہنچ گئی ہیں اور 12 کروڑ سے زیادہ لوگ اپنی نوکریوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ اس دوران سواکروڑ سے زیادہ خواتین کی نوکری گئی ہے اور مہنگائی میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے ، لیکن حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے ۔کانگریس لیڈروں نے کہا کہ ملک ہی نہیں عالمی سطح پر اس دوران ہندوستان کی شبیہ خراب ہوئی ہے اور ملک میں بھوک سے مرنے والوں کااعدادوشمار55 سے بڑھ کر 101 پرآگیا ہے ۔ سماجی پیش رفت کا اعدادوشمار 102 سے بڑھ کر 115 اور جمہوری اقدار کی سطح پر ملک 27 سے 46 ویں مقام پرآگیا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ آٹھ برسوں میں اس حکومت نے عوام کو لوٹا ہے اور اس دوران سبسڈی 12 فیصد کم کی گئی ہے ۔ ایکسائز ڈیوٹی کئی گنابڑھاکر مہنگائی میں اضافہ کردیاہے جس سے عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے ۔انہوں نے اعداد و شمارکی ہیراپھیری کرکے حکومت پر لوگوں کوگمراہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اگر حکومت پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی کم دے تو پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کم از کم 30 روپے فی لیٹر تک کمی آئے گی۔ کانگریس کے سینئر ترجمان اجے ماکن اور میڈیا ڈپارٹمنٹ کے سربراہ رندیپ سنگھ سرجے والا نے جمعرات کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں مودی حکومت کے آٹھ سال مکمل ہونے پر مشترکہ پریس کانفرنس میں حکومت کی آٹھ بڑی ناکامیوں کو بیان کرتے ہوئے ایک کتابچہ جاری کیا اور کہا کہ مودی حکومت نے اپنے دور میں صرف دھوکہ دہی کی ہے اور عوامی مفاد میں کوئی قابل ذکر کام نہیں کیا۔کتابچہ میں اعداد و شمار کے ساتھ حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ بی جے پی حکومت نے 8 برسوں میں مہنگائی سے لوگوں کی زندگی اجیرن کر دی ہے ۔