مودی حکومت کے خلاف ریاست گیر احتجاج کامیاب بنانے کی اپیل

   

9 نومبر کو آر ٹی سی ملازمین کے چلو ٹینک بنڈ پروگرام کی تائید، اتم کمار ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔ 7 نومبر (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے عوام اور پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ 8 نومبر کو مرکز اور ریاستی حکومتوں کے خلاف احتجاجی پروگرام میں حصہ لیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکز اور ریاست کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف اے آئی سی سی کی اپیل پر 8 نومبر کو تمام ضلع ہیڈکوارٹر پر احتجاجی دھرنا منظم کیا جائے گا۔ ضلع کانگریس کمیٹیوں کی نگرانی میں اس پروگرام میں ضلع سے تعلق رکھنے والے ارکان مقننہ، ارکان پارلیمنٹ، سابق وزراء اور سابق ارکان مقننہ شرکت کریں گے۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے احتجاجی پروگراموں پر موثر عمل آوری کے لیے ہر ضلع کے لیے انچارج مقرر کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی پروگرام کو کامیاب بناتے ہوئے عوام حکومت کی پالیسیوں کے خلاف اپنی ناراضگی درج کرسکتے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ گزشتہ پانچ برسوں میں مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔ ملک کا کوئی شعبہ ایسا نہیں جو متاثر نہ ہوا ہو۔ اتم کمار ریڈی نے آر ٹی سی جے اے سی کی جانب سے 9 نومبر کو چلو ٹینک بنڈ پروگرام کی تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 32 دنوں سے آر ٹی سی ملازمین اپنے جائز مطالبات کے حل کے لیے ہڑتال پر ہیں۔ ریاستی ہائی کورٹ نے حکومت کو مطالبات کی یکسوئی اور ہڑتال کا خاتمہ کرنے کے لیے کارروائی کی ہدایت دی۔ اس کے باوجود چیف منسٹر کا رویہ ہٹ دھرمی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عدالت کے احکامات کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ عہدیداروں کے ذریعہ عدالت میں غلط معلومات پر مبنی حلف نامہ داخل کیا گیا جس پر ہائی کورٹ نے ناراضگی جتائی۔ اتم کمار ریڈی نے جے اے سی کی جانب سے 9 نومبر کے چلو ٹینک بنڈ احتجاج میں کانگریس کارکنوں کی شرکت کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی آر ٹی سی ملازمین کے مطالبات کی تائید کرتی ہے اور مطالبات کی تکمیل تک کانگریس قائدین آر ٹی سی جے اے سی کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ کئی ملازمین کی اموات کے باوجود حکومت انسانی بنیادوں پر مسئلہ کی یکسوئی کیلئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو عدالت کی ہدایت کے مطابق فوری کارروائی کرنی چاہئے۔