مودی حکومت کے زوال تک قیمتوں میں کمی نہیں ہوگی : ہریش راؤ

   

تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ کی اجرائی، کلیان لکشمی اور شادی مبارک کے چیکس کی تقسیم
حیدرآباد۔/27 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ مرکزی حکومت غریب عوام کی زندگی کو اجیرن کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت نے گزشتہ 8 برسوں میں ایک بھی ایسا کام انجام نہیں دیا جسے غریبوں کے حق میں کارنامہ قرار دیا جاسکے۔ ہریش راؤ نے گجویل میں شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے چیکس استفادہ کنندگان میں تقسیم کئے۔ 368 غریب خاندانوں میں فی کس ایک لاکھ 116 روپئے کی امدادی رقم حوالے کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ ملک میں کلیان لکشمی اور شادی مبارک اسکیمات منفرد نوعیت کی حامل ہیں اور کسی بھی ریاست میں غریب لڑکیوں کی شادی پر خطیر رقم بطور امداد نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی کئی فلاحی اسکیمات کو دیگر ریاستوں نے اختیار کیا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ سے عوامی مشکلات کا حوالہ دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ پٹرولیم اشیاء کی قیمتوں پر قابو پانے میں مرکزی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ مرکزی حکومت قیمتوں میں اضافہ کے ذریعہ عوام پر بوجھ عائد کررہی ہے تو دوسری طرف کے سی آر فلاحی اسکیمات کے ذریعہ راحت پہنچارہے ہیں۔ اضافہ کرنے والی دونوں حکومتیں ہیں لیکن فرق یہ ہے کہ ایک نے بوجھ میں اضافہ کیا تو دوسری نے فلاحی اسکیمات میں اضافہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز مخصوص کارپوریٹ اداروں کو فائدہ پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ عوامی شعبہ کے اداروں کو کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کرنے کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریبوں کو بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے سرکاری دواخانوں میں انفرااسٹرکچر اضافہ کیا ہے۔ غریب عوام خانگی دواخانوں کی لوٹ کھسوٹ سے بچ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دواخانوں میں ڈیلیوری کے کیسس میں اضافہ ہوا ہے۔ حاملہ خواتین اور نومولود بچوں کیلئے حکومت نے کے سی آر کٹ اسکیم متعارف کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھان کی خریدی کے مسئلہ پر تلنگانہ کے ساتھ مرکز کا جانبدارانہ رویہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے زوال کے بعد ہی ملک میں قیمتوں میں کمی ہوگی۔ عوام کو مودی حکومت کے زوال کی تیاری کرنی چاہیئے۔ تلنگانہ میں ابھی تک ایک لاکھ 30 ہزار جائیدادوں پر تقررات کئے گئے اور مزید 90 ہزار جائیدادوں کیلئے نوٹیفکیشن کی اجرائی عمل میں آئے گی۔ مرکزی حکومت کے تحت 15 لاکھ سرکاری جائیدادیں مخلوعہ ہیں جن پر فوری تقررات کئے جائیں۔ر